کورونا وائرس پر اسمبلی میں آج مختصر مباحث

,

   

ریاست میں صرف ایک شخص وائرس سے متاثر ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر کا بیان

حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں کورونا وائرس پر جمعہ کو مختصر مباحث کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ ریاستی اسمبلی میں جمعہ کو کورونا وائرس پر مختصر مباحث ہونگے تاکہ عوام میں اس تعلق سے شعور بیدار کیا جاسکے اور اس وائرس کے پھیلنے کے تعلق سے جو اندیشے عوام میں پائے جاتے ہیں انہیں دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس سے صرف ایک شخص متاثر ہوا ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رام لنگاریڈی کے سوال پر وزیر صحت نے بتایا کہ وائرس سے بچائو کیلئے حکومت سے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی سطح پر نوڈل آفیسر کا تقرر کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں ریاستی سطح کا کنٹرول روم قائم کیا گیا اور 104 کال سنٹر کورونا ہیلپ لائین کی حیثیت سے کام کررہا ہے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر بیرونی ممالک سے آنے والے مسافرین کی جانچ کی جارہی ہے۔ ریاست کے 13 سرکاری ہاسپٹلس میں خصوصی الگ تھلگ وارڈس قائم کئے گئے۔ گاندھی ہاسپٹل میں آئی سی ایم آر کا منظورہ کووڈ 19 تشخیصی لیاب کا قیام عمل میں آیا۔ وائرس کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے۔ تمام اضلاع میں عہدیداروں کو کڑی نگرانی اور احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی گئی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اس مسئلہ پر مختصر مباحث سے اتفاق کیا ہے لہٰذا تفصیلی جواب مباحث کے وقت دیا جائے گا۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ بہت جلد وہ مباحث کی تاریخ اور وقت طے کریں گے۔