کورونا وائرس پر افواہیں نہ پھیلائی جائیں

   

رچہ کنڈہ پولیس نے افواہیں پھیلانے پر تین افراد کو گرفتار کرلیا
حیدرآباد 16مارچ ( سیاست نیوز) عوام کو خوفزدہ کرنے کورونا وائرس کے متعلق بے بنیاد اطلاعات پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اس سلسلہ میں تین افراد کو گرفتار کرکے ایک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بھونگیر ٹاؤن پولیس نے ایک شخص کی کورونا وائرس کے ذریعہ موت کی بے بنیاد اطلاعات کو پھیلانے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ تاہم ان کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا گیا جنہیں ایک سال کی سزا و جرمانہ عائد ہوگا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کو بے بنیاد اطلاعات پھیلاتے ہوئے عوام کو خوفزدہ کرنے اور سماج میں دہشت پھیلانے کا مرتکب پایا گیا اور ان کے خلاف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے سکشن 54 کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔ جس کے تحت ایک سال کی سزا اور جرمانہ بھی عائد ہوگا جبکہ اس طرح کے اور ایک واقعہ میں چیتنیہ پوری پولیس نے ایک سب انسپکٹر کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ۔ سب انسپکٹر ڈی نرسیا کی شکایت میں ایک اجنبی کا ذکر کیا گیا ہے جس کو پولیس تلاش کررہی ہے جو کورونا وائرس کے متعلق خوف و دہشت پھیلانے والی اطلاعات سوشل میڈیا گروپس میں وائرل کررہا ہے ۔ ایس آر ایل کالونی اور ستیہ نگر کالونی اور لکشمی نگر کالونی جو چیتنیہ پوری حدود میں آتے ہیں ان کے مختلف گروپس میں بے بنیاد اطلاعات پھیلا رہا تھا ۔ پولیس چیتنیہ پوری نے این ڈی ایم اے ایکٹ 2005 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت نے ایسی بے بنیاد اور غلط اطلاعات کو پھیلانے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ۔