چیف سکریٹری سومیش کمار کی اضلاع کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
پداپلی۔10 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ سومیشں کمار نے اضلاع کے کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا۔اس موقع پر انہوں نے اضلاع کے کلکٹر وں کو تاکید کی کہ کورونا وائیرس کو ویڈ۔19 پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔وائیرس پر قابو پانے کیلئے تمام افراد کیلئے ماسک کا استعمال ضروری قرار دیا گیا۔ دواخانوں میں کام کرنے والا طبی عملہ این۔95 ماسک کا استعمال کریں۔جو مرکزی حکومت کی ہدایت کے مطابق ہو۔مکانوں میں سوا شکتی گروپ کی خواتین کو مکانوں پر ماسک کی تیاری کیلئے ہمت افزائی کی جائے۔ریاستی سطح پر کورونا وائیرس پر قابو پانے کیلئے حسب ضرورت ماسک،طبی عملہ،پی پی ای،اور دیگر سازوسامان کی خریداری کی جارہی ہے۔تاحال ریاستی سطح پر 471 کورونا وائیرس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔جس میں اکثریت دہلی مرکز میں شرکت کردہ افراد اور ان سے ربط رکھنے والے لوگوں کی ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ کورونا وائیرس کے جہاں بھی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہوں اْن علاقوں میں ایک کیلومیٹر علاقے تک کنٹونمنٹ میں تبدیل کردیا جائے۔اور متعلقہ تمام مکانوں کا سروے کیا جائے۔جن افراد میں علامتیں پائی جائیں انہیں آئی سولیشن مراکز کو بھیج دیا جائے۔دہلی کے مرکز نظام الدین میں شرکت کردہ افراد کو اور انکے افراد خاندان کو 14 دنوں کیلئے مکانوں میں ہی قیام کرنے کی تاکید کی جائے۔ سرکاری قرنطینہ میں قیام کے دوران منفی نتائج برآمد ہوئے افراد کو گھریلو قرنطینہ میں رہنے کا پابند بنایا جا?۔اور ایسے افراد کو ضرور مہر لگائی جائے۔اپریل کی 21 تاریخ یا 28 تاریخ تک باہر نکلنے پر سخت کارروائی کرنے کا اْنہیں انتباہ دینے کی چیف سیکریٹری نے عہدیداروں کو تاکید کی۔مرکز سے آنے والے افراد سے رابطے میں رہنے والے افراد کی نشاندھی کی گئی ہے ایسے افراد میں علامتیں نہ ہونے کے باوجود بھی مکانوں میں قیام کرنے کی تاکید کی جائے۔ریڈ زون والے علاقوں میں صاف صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔وائیرس پر قابو پانے کیلئے موجودہ وقت کافی اہمیت کا حامل ہے اسی لیے عہدیدار محتاط رہ کر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ریاستی سطح پر 110 علاقوں میں مثبت نتائج پائے گئے جہاں 4.5لاکھ مکانات واقع ہیں۔ان علاقوں میں اشیائے ضروریہ اور حمل و نقل کیلئے اقدامات کیے جائیں۔نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کی بھوک مٹانے کیلئے اضلاع کے کلکٹر خصوصی توجہ فراہم کرتے ہوئے اقدامات کریں۔معاشی بدحالی کے باوجود حکومت نے لاک ڈاؤن کے اقدامات کیے ہیں۔مزید دو یا تین ہفتوں تک محتاط رہ کر کورونا سے پاک تلنگانہ کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے۔