کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام محکمہ جات میں بہتر تال میل

   

تلنگانہ میں تاحال 36 کیسیس، تمام خطرہ سے باہر، ریاستی وزیر دیاکر راؤ کا اعلیٰ سطحی اجلاس

حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج و دیہی ترقی ای دیاکر راؤ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے مسئلہ پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مکمل چوکسی برقرار رکھیں اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اور عوام کے تعاون سے مرض کی روک تھام ممکن ہے۔ دیاکر راؤ نے جن کا تعلق ورنگل سے ہے کہا کہ ورنگل میں ایک بھی کورونا پازیٹو کیس نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھوپال پلی ضلع میں 34 افراد جبکہ محبوب آباد میں باہر سے آنے والے 101 افراد کی جانچ کی گئی لیکن ایک بھی پازیٹیو کیس نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کے ذریعہ تلنگانہ میں وائرس کے کیسیس رونما ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ تک تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے ذریعہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی مساعی کی جارہی ہے۔ حکومت کی تحدیدات پر عوام کو سختی سے عمل کرنا چاہیئے۔ چیف منسٹر کے سی آر غریب خاندانوں کیلئے پیاکیج کا اعلان کرچکے ہیں۔سفید راشن کارڈ ہولڈرس کیلئے 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے نقد کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ابھی تک کورونا کے 36 کیسیس پائے گئے ہیں جن کا بہتر علاج کیا جارہا ہے ان میں سے ایک کی حالت بھی تشویشناک نہیں ہے۔ مزید 97 افراد میں کورونا کا شبہ ہے اور ان کے خون کے نمونے جانچ کیلئے روانہ کئے گئے۔ مشتبہ افراد کو 14 دنوں تک کورنٹائن میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد اور کریم نگر کورونا کے دوسرے مرحلہ میں ہیں۔ ان علاقوں میں بیرونی ممالک سے آنے والے افراد میں یہ وائرس پایا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے متاثرین کو 15 دن تک ائسولیشن میں رکھنے کیلئے زائد بستروں کا انتظام کیا گیا۔ انہوںنے بتایا کہ محبوب آباد، بھوپال پلی، ملگ ، جنگاؤں اور دیگر ضلع ہیڈ کوارٹرس پر ائسولیشن سنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ مختلف محکمہ جات میں باہم تال میل کیلئے سکریٹریٹ میں 24 گھنٹے کام کرنے والا کنٹرول روم قائم کیا گیا۔ سینئر آئی اے ایس عہدیداروں راہول بوجا اور انیل کمار کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ 6 مراکز پر کورونا کی جانچ کی جارہی ہے۔ حیدرآباد میں گاندھی ، چیسٹ ہاسپٹل ، فیور ہاسپٹل اور سی سی ایم بی میں جانچ کا انتظام ہے۔ خانگی میڈیکل کالجس، خانگی ہاسپٹلس سے بھی تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو قانون کی پابندی کیلئے دفعہ 144 نافذ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے آنے والے افراد اپنے طور پر معائنہ کرائیں بصورت دیگر ان کے پاسپورٹ ضبط کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے افراد کو 14دن تک کورنٹائن میں رہنا چاہیئے۔ اٹلی نے احتیاط کے معاملہ میں جو کوتاہی کی اس کا خمیازہ بڑی تعداد میں اموات کی صورت میں منظر عام پر آیا۔