عوام کا گھروں میں رہناضروری، صرف ادویات کا چھڑکاؤ کافی نہیں
حیدرآباد۔15 اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں کورونا وائر س کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کو روکنے کا واحد راستہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے علاوہ کوئی اور نہیں ہے کیونکہ شہر حیدرآباد میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی کوششوں کے باوجود شہریوں کی جانب سے اس کی خلاف ورزی کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں جو کہ شہریوں کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔پرانے شہر کے علاقوں میں جہاں مصدقہ مریض پائے گئے ہیں ان علاقو ںمیں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤکیا گیا ہے لیکن جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کافی نہیںہے بلکہ یہ کہا جائے تو درست ہوگا کہ حکومت کی جانب سے آپ کی زندگی کی حفاظت کی ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے اور ہم خود اپنی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں ۔ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کی جانب سے گھروں میں بند رہنے کی تاکید کے باوجودنوجوانوںکی جانب سے ان ہدایات کو نظر انداز کیا جا رہاہے جو ا ن کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
