تلنگانہ میں لاک ڈاؤن پر کامیاب عمل آوری ، عوام کا تعاون جاری : چیف منسٹر
حیدرآباد ۔ /22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے توقع ظاہر کی ہے کہ ریاست میں لاک ڈاؤن پر کامیابی کے ساتھ عمل آوری کے نتیجہ میں خوفناک وباء کورونا وائرس کے پھیلنے پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے اور اس میں مزید کمی ہوگی ۔ چیف منسٹر نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون پر چہارشنبہ کو ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا اور یہ اجلاس رات 11.30 بجے تک جاری رہا ۔ جس میں وزیر صحت ایٹالہ راجیندر ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈی جی پی مہندر ریڈی ، پرنسپال سکریٹری نرسنگ راؤ ، شانتا کماری اور میڈیکل افسروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے اضلاع سوریا پیٹ ، گدوال اور وقارآباد کا آج صبح سے شام تک دورہ کیا جہاں سے وہ راست پرگتی بھون پہونچ کر چیف منسٹر سے ملاقات کی اور تازہ ترین صورتحال سے واقف کروایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ ہم کورونا وائرس کے متاثرین کی شناخت کرچکے ہیں اور ان سے رابطوں میں آنے والے افر اد کی فہرست بناچکے ہیں اور ان افراد کے معائینے کئے جائیں گے ۔ بعض مشتبہ افراد کو کورنٹائن میں رکھا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلنے پر کامیابی کے ساتھ قابو پایا جاسکا ہے ۔ لاک ڈاؤن پر سختی کے ساتھ کامیاب عمل آوری جاری ہے ۔ عوام تعاون کررہے ہیں اور اگر ان کا تعاون جاری رہا تو یقیناً بہتر نتائج برآمد ہوں گے ۔