نئی دہلی 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈیٹول ہینڈ واش بنانے والی ریکٹ بینکیسر (انڈیا) پرائیوٹ لمیٹیڈ نے بامبے ہائی کورٹ کو بتایا کہ وہ ایک مہینے کے لئے اپنے ہینڈ واش کے اشتہار کو بند کردے گی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق لائف بوائے صابن بنانے والی ہندوستانی یونی لیور لمیٹیڈ (ایچ یو ایل) نے بامبے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرکے ریکٹ بینکیسر (انڈیا) پرائیوٹ لمیٹیڈ سے ہرجانے کی مانگ کی تھی۔ ایچ یو ایل کی دلیلل تھی کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کورونا وائرس جیسی مہلک وباء سے لڑنے کے لئے جدوجہد کررہی ہے اور ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے صابن اور پانی کا استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی ہے، تب ڈیٹول کے اشتہار میں صابن کی ٹیہ کو بیکار، غیر مؤثر، صارفین کو جراثیم سے ہونے والی بیماری سے نہیں بچا سکنے والا بتایا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ہینڈ واش بہتر تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ عدالت میں داخل اپنی عرضی میں ایچ یو ایل نے ریکٹ کے اشتہار کی نشریات پر لگام لگانے کی مانگ کی اور صابن کو غیر مؤثر بناکر عوام کے درمیان جھوٹی تشہیر کرکے مبینہ طور پر ڈر کا ماحول پیدا کرنے کے لئے ایک کروڑ روپئے کے جرجانہ کی مانگ کی۔ جسٹس کے آر شری رام کی سنگل بنچ نے ایچ یو ایل کی اس عرضی پر گزشتہ جمعہ کو سماعت کی۔ ایچ یو ایل نے دعویٰ کیا کہ 12 مارچ کو ڈیٹول لکویڈ ہینڈ واش کی تشہیر کے لئے ٹی وی پر ایک اشتہار آیا تھا جس میں ریکٹ نے ’لائف بوائے صابن‘ ٹریڈ مارک کی توہین کی کیوں کہ اس میں ایک پیغام دیا جارہا تھا کہ صابن اور پانی سے ہاتھ دھونا پوری طرح سے بیکار ہے اور جراثیم سے دس گنا بہتر تحفظ کے لئے صرف ہینڈ واش مؤثر طریقہ ہے جوکہ جھوٹ ہے۔