سات سال کی قید گذارنے والوں کو رہا کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 23؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر قیدیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے مقصد سے انہیں چار تا چھ ہفتوں تک پیرال پر رہائی کا فیصلہ کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں تشکیل دیں ۔ عدالت عظمیٰ نے کہاکہ مجرم پائے جانے والے اور مختلف جرائم کے ضمن میں ملزمین کی حیثیت سے قیدیوں کو جو جیلوں میں سات سال قید کی سزا گذار چکے ہیں پیرول پر رہا کریں ۔ تاکہ جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کو کم کیا جاسکے ۔ چیف جسٹس ایس اے بوپڈے نے کہا کہ اعلی سطحی کمیٹیاں ریاستی قانونی خدمات اتھاریٹی سے مشاورت کے ذریعہ ان قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کریں گی ۔ عدالت عظمی نے واضح کیاکہ جیلوں میں قیدیوں کی بہتات کو کم کرنے کے مقصد سے یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے ۔ اسی دوران دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت نے کہا کہ وہ تمام قیدیوں کو خصوصی پیرول دینے کے لئے اقدامات کرے گی ۔