کورونا وائرس کا خوف‘کشتی کا ایشیائی اولمپک کوالیفائنگ منسوخ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چین سے دنیا بھر میں پھیلے خطرناک کورونا وائرس کے پھیلنے کے سبب کرغستان کے بشکیک میں ہونے والا ایشیائی کشتی اولمپک کوالیفائنگ منسوخ کر دیا گیا ہے۔کشتی کی عالمی تنظیم یونائیٹڈ ورلڈ کشتی نے تمام ایشیائی قومی کشتی فیڈریشنوں کو خط بھیج کر یہ جانکاری دی ہے۔ یونائیٹڈ ورلڈ کشتی کے مطابق کرغستان کی حکومت نے کورورنا کے پھیلنے کو دیکھتے ہوئے احتیاطا کئی اقدامات اٹھائے ہیں اور اس میں ایشیائی کشتی اولمپک کوالیفائنگ کو منسوخ کرنا شامل ہے۔ اس مقابلے میں ہندستان کے کئی پہلوانوں کو حصہ لینا تھا جو ٹوکیو اولمپک کے لئے اپنا ٹکٹ بک کرنا چاہتے تھے۔یونائیٹڈ ورلڈ کشتی ایشیائی کوالیفائنگ منسوخ ہونے کے بعد بین الاقوامی اولمپک کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ دیگر اختیارات پر غور کر رہی ہے۔ یونائیٹڈ ورلڈ کشتی نے تمام ایشیائی کشتی فیڈریشنوں سے کہا ہے کہ وہ کرغزستان کا دورہ کریں اور اس کے لئے ویزا کے عمل کو منسوخ کر دیں۔ کشتی کا ایشیائی کوالیفائنگ اب کچھ دنوں بعد منعقد کیا جائے گا۔اس دوران کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے اپنے کھلاڑیوں کی صحت کے خدشات کو دیکھتے ہوئے ہندستان چار مارچ سے ہونے والے قبرص نشانے بازی ورلڈ کپ سے ہٹ گیا ہے۔ ادھر ہندوستان میں 16 سے 26 مارچ تک نئی دہلی میں ہونے والا آئی ایس ایس ایف شوٹنگ ورلڈ کپ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گیا ہے اور سات ملک اس ورلڈ کپ سے ہٹ چکے ہیں جن میں چین، تائیوان، ہانگ کانگ، مکاؤ، شمالی کوریا، ترکمانستان اور بحرین شامل ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2835 ہو گئی ہے اور دنیا میں اس وائرس کی وجہ سے تقریبا 83000 لوگ متاثر ہیں۔ کوروناکے سبب اس سال ہونے والے ٹوکیو اولمپک پر بھی خطرہ منڈلا رہا ہے۔