جنیوا ۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ یہ وائرس دیگر مہلک بیماریوں کی طرح شاید ایک لمبے عرصے تک ہمارے ساتھ رہے۔ 13 مئی کو ایک بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے، ڈبلیو ایچ او کے ہیلتھ ایمرجنسیز پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیک راین نے کہا کہ یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ یہ وائرس کب ختم ہوگا کیونکہ اگر اس کی ویکسین دریافت ہو بھی جاتی ہے تب بھی اس کے خاتمے لیے ”وسیع پیمانے پر کاوشوں‘‘ کی ضرورت ہوگی۔انہوں نے کہا، ”میرے خیال میں کوئی بھی اس حوالے سے وعدہ نہیں کر سکتا اور نہ ہی کوئی تاریخ دے سکتا ہے‘‘ کہ یہ کب تک چلے گی۔ ڈاکٹر رائن نے کہا کہ قوی امکان ہے کہ یہ بیماری دیگر مہلک بیماریوں کے طرح ہماری زندگی کا حصہ بن جائے۔دنیا میں اب تک چالیس لاکھ سے زائد لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ تین لاکھ کے قریب اموات ہو چکی ہیں۔