اسپین میں بھی لاک ڈاؤن ، اٹلی میں ایک دن میں 368 اموات ، یوروپی ممالک میں وباء کیخلاف جنگی بنیادوں پر اقدامات ، ایران میں مزید اموات
میڈریڈ ۔ /15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین کے شہر ووہان سے پھوٹ پڑنے والا کورونا وائرس دنیا کے 127 سے زائد ممالک میں پھیل کر دہشت مچارہا ہے ۔ اب تک دنیا بھر میں 1,56,400 کیسیس کی توثیق ہوچکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 5833 ہوگئی ہے ۔ /11 مارچ کو عالمی تنظیم صحت نے کورونا وائرس کو عالمی وباء قرار دیا تھا ۔ اس کے بعد امریکہ نے جمعہ کے دن ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا ۔ اٹلی کے بعد یوروپ میں اسپین کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے ۔ یوروپ میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیار کئے جارہے ہیں ۔ جنگی بنیادوں پر اقدامات ہورہے ہیں ۔ اٹلی کے بعد اسپین نے بھی ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانشز نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام غیرضروری گھر سے نہ نکلے ۔ صرف کام پر جانے طبی مدد لینے اور ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے ہی عوام گھر سے باہر نکلیں ۔ اسپین میں کورونا کے 1500 سے زائد نئے کیس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ اس طرح جملہ متاثرین کی تعداد 5700 سے بڑھ گئی ہے جبکہ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 183 ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلیوں میں نکلنے پر فوری پابندی عائد کی جارہی ہے ۔ پولیس اس بات کو یقینی بنائے گی کہ شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگائے ۔ عوام کو وائرس سے بچانے کیلئے ہم یہ جنگ جیتیں گے ۔ اس کامیابی کیلئے ہمیں جو قیمت چکانی پڑے گی تو اس تعلق سیکم سے کم کوشش کی جائے گی ۔ یوروپ میں اسکول بند کردیئے گئے ہیں ۔ کیلیفورنیا سے لے کر جرمنی تک تمام جلسے ، جلوسوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ کینیڈا ، برازیل میں بھی وائرس کے نئے کیس سامنے آئے ہیں ۔ عالمی مالیاتی مارکٹ میں بحران پیدا ہونے کے بعد امریکی اسٹاک ایکسچینج میں 1987ء کے بعد سب سے زیادہ خسارہ ہوا ہے ۔ یوروپی مارکٹس کو بھی بند کردینے سے ایک دن میں ہی ہزاروں کروڑ کا خسارہ ہوا ہے ۔ حکومت کویت نے کورونا وائرس کے انسداد کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں مزید سختی پیدا کرتے ہوئے تمام شاپنگ مالس ، بازار اور دوکانیں بند کرنے کی ہدایتیں دی ہیں ۔ کویتی کابینہ نے ملک بھر میں کورونا کے پیش نظر حالات کا جائزہ لینے کے بعد تمام مالس بند کرنے کا اعلان کیا ۔ حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے کہا کہ اس فیصلہ سے صرف ضروری اشیاء کو استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ غذائی اشیاء فروخت کرنے والی دوکانیں اور سوپر مارکٹ کھلی رہیں گی ۔ باربر شاپس اور بیوٹی پارلرس کی دوکانیں بھی بند رہیں گے ۔ دوکاندوں اور رسٹورنٹس کے مالکین کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ صرف 5 گاہکوں کو دوکان کے اندر آنے کی اجازت دیں ۔ باقی گاہک دوکان کے باہر اپنی باری کا انتظار کریں ۔
