حیدرآباد ۔ 29 فبروری (راست) وزیرآئی ٹی و صنعت تلنگانہ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت پولٹری صنعت کے فروغ کیلئے ممکنہ تعاون کرے گی۔ نکلس روڈ پر منعقدہ چکن میلہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چکن کھانے سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی افواہوں پر بھروسہ نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ چکن کے شوقین ہیں اور اپنے افراد خاندان کے ساتھ چکن ڈشس کا ذائقہ لیتے ہیں اور کبھی بھی چکن کے کھانے سے صحت کے متعلق مسائل کا سامنا نہیں کیا ہے۔ وزیرصحت ای راجندر نے کہا کہ کوروناوائرس کا چکن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پیپلز پلازہ نکلس روڈ پر چکن میلہ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چکن کے کھانے سے کوروناوائرس سے متاثر ہونے کی بات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جن غذاؤں کا استعمال کیا جاتا ہے اس سے کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے امکانات صفر ہیں۔ اس لئے چکن اور انڈے کو روزانہ معمول کے مطابق استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چکن کھانے سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی افواہوں کی وجہ سے پولٹری صنعت کو 500 کروڑ روپئے کا نقصان ہوچکا ہے۔ سوشل میڈیا پر غلط معلومات کی فراہمی کے نتیجہ میں ریاست کے پولٹری صنعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جبکہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے واضح کیا کہ چکن کے استعمال سے کوروناوائرس نہیں پھیلے گا۔
