سماج کے مفلس و مخدوش طبقات کے آلام و مصائب کے خاتمہ کیلئے حکومت کے اقدامات میں تعاون ضروری ، گورنروں سے صدرجمہوریہ کا خطاب
نئی دہلی ۔ 27مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے گورنروں اور لیفٹننٹ گورنرس پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کی مساعی کے ایک حصہ کے طور پر رضاکارانہ اور مذہبی تنظیموں کو بھی متحرک کریں ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے علاوہ ان کے ساتھ موجود نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے گورنروں اور لیفٹننٹ گورنرس سے ویڈیو کانفرنس پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مہلک وباء کوویڈ۔19 کے پھیلنے کے سبب پیدا شدہ صورتحال اور چیلنجوں سے نمٹنے مرکز اورریاستی حکومتوں کی کوششوں میں تعاون کے راستے تلاش کریں ۔ صدر کووند اور نائب صدر وینکیا نائیڈو نے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی سماج میں ایک دوسرے کی دیکھ بھال اور تعاون کا مستحکم جذبہ ہے اور بالخصوص حکومت کے اقدامات سماج کے انتہائی کمزور اور غیر محفوظ طبقات بالخصوص مفلس اور غیر منظم شعبہ کے بدحال و بے بس افراد کے آلام و مصائب کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوں گے ۔ صدر جمہوریہ نے سماج کی اجتماعی طاقت کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے خطاب کا آغاز کیا ۔ انہوں نے گورنروں اور لیفٹننٹ گورنروں پر زور دیا کہ وہ انڈین ریڈکراس سوسائٹی ،مذہبی و رضاکارانہ تنظیموں کو متحرک کریں۔ اس خوفناک موذی وباء پر جلد سے جلد موثر کنٹرول کیا جاسکے ۔ صدر ہند نے تمام گورنروں پر زور دیا کہ اپنی متعلقہ ریاستی حکومتوں کے اقدامات سے باضابطہ طور پر باخبر رہیں اور اس طرح اپنا تعاون جاری رکھیں کہ اس کے ذریعہ کورونا کے خلاف جاری جنگ جیتی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بہترین عملی اقدامات پر سارے ملک میں تقلید کی جائے ۔ اس ویڈیو کانفرنس میں دہلی کے لیفٹننٹ گورنر کے علاوہ کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ملک کی 14ریاستوں کے گورنروں نے بھی شرکت کی ۔ ریاستںو میں کوویڈ۔19 کے موقف سے متعلق موضوعات پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی ۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف ریاستںو کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ بھی کیا گیا ۔ لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ صورتحال پر خصوصیت کے ساتھ غور و خوض کیا گیا ۔ مہاراشٹرا کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے اپنی ریاست میں کئے گئے اقدامات بیان کیا ۔ کیرالا کے گورنر عارف محمد خان نے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی ستائش کی ۔ انہوں نے رضاکارانہ تنظیموں ، طبی پیشہ ور اسٹاف ، نیم طبی عملہ ، پولیس اور دوسروں کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات پر خوشی و اطمینان کا اظہار کیا ۔ تلنگانہ کی گورنر تملی سائی سوندرا راجن نے کہا کہ وہ شعور بیداری کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کررہی ہیں ۔ کیرالا میں سب سے زیادہ 129 اور اس کے بعد مہاراشٹرا میں 127 افراد کے کورونا معائنے مثبت پائے گئے ہیں ۔