کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے مزید موثر اقدامات کی ہدایت

,

   

اضلاع کی صورتحال اور کنٹینمنٹ زونس پر عہدیداروں سے چیف منسٹر کے سی آر کا تبادلہ خیال

حیدرآباد ۔ 3 ؍ مئی ( سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو نے ہدایت کی ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلنے سے متعلق وقفہ وقفہ سے تبدیلی ہونے والی صورتحال کی بنیاد پر مناسب اقدامات کئے جائیں ‘ وہ یہ چاہتے تھے کہ وائرس متاثرہ افراد کی حالت میں باضابطہ بنیادوں پر نظر رکھی جائے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے لاک ڈاون پر سختی سے عمل کریں ۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں اتوار کو منعقدہ اجلاس میں ریاست میں کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے مرکز کی طرف سے نافذ لاک ڈاون کی شرائط اور ریاستی حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات پر متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ کے سی آر نے ریاست کے مختلف اضلاع پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں متعلقہ عہدیداروں سے معلومات حاصل کیا ۔ انہوں نے کنٹینمنٹ زونس کے قیام اور برقراری کے بارے میں تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ۔ اجلاس میں وزیر صحت ایٹالہ راجندر ‘ چیف سکریٹری سومیش کمار ‘ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہند رریڈی ‘ پرنسپال سکریٹریم ایس نرسنگ راو ‘ شانتی کماری ‘ جناردھن ریڈی ‘ راما کرشنا راو اور دوسرے نے شرکت کی ۔