وائرس سے بچنے کیلئے لاک ڈاؤن اور احتیاطی تدابیر ضروری
حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے آج مریال گوڑہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ رکن اسمبلی بھاسکر راؤ اور سرکاری عہدیداروں کے ہمراہ صدرنشین کونسل نے سیتا رام پورم، سندر نگر کالونی اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ صدرنشین کونسل کے ہاتھوں غریبوں میں سبزی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے اور ترقیافتہ ممالک بھی قابو پانے میں ناکام ہیں۔ بے احتیاطی کے نتیجہ میں امریکہ، اٹلی، اسپین اور چین جیسے ممالک کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دوراندیشی اور بروقت اقدامات کے نتیجہ میں وائرس کے پھیلاؤ پر کنٹرول کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے ذریعہ سماجی دوری کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی لہذا چیف منسٹر سختی سے عمل آوری کے حق میں ہیں۔ سکھیندر ریڈی نے کہا کہ وائرس کے شکار افراد کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے تلنگانہ میں بہتر علاج کے ذریعہ صحت مند کیا جارہا ہے۔ ایک شخص کی لاپرواہی سے یہ مرض سارے خاندان میں پھیل سکتا ہے۔ صدرنشین کونسل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کریں۔ آنے والے دنوں میں عوام کو صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے سوشیل میڈیا میں پھیلائی جارہی خبروں پر بھروسہ نہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کورونا کو کسی مذہب سے جوڑنے کی سختی سے مخالفت کی اور کسی بھی مذہب کا ایک بھی شخص نہیں چاہے گا کہ وائرس عوام میں پھیلے۔ انہوں نے کہا کہ دولت کے نقصان کو ہم برداشت کرسکتے ہیں لیکن انسانی جانوں کے اتلاف کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد تلنگانہ سے کورونا کا خاتمہ ہوگا۔