کورونا وائرس کیخلاف کامیابی حاصل کرنے کا عزم

,

   

خود انحصار ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے عوام سے اپیل ، 74 واں یوم آزادی ۔ لال قلعہ سے وزیراعظم مودی کا خطاب

کورونا کے تین ویکسین کی تیاری آخری مراحل میں
مقامی طور پر تیارکردہ اشیاء کو فروغ دینے پر زور
ملک دفاعی پیداوار میں خود کفالت کیلئے مصروف
قومی سلامتی سے جوڑنے این سی سی کا فروغ
طبی شعبہ کیلئے نیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ مشن کا اعلان

نئی دہلی۔کورونا وباء کے چیلنجوں کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے آج اہل وطن سے نئے، جدید اور خودکفیل ہندوستان کی تعمیر کا عزم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ملک اس خواب کو عملی جامہ پہنائے گا۔ مودی نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے اپنی دوسری معیاد میں دوسری مرتبہ اور مسلسل ساتویں مرتبہ قومی پرچم کشائی کے بعد تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کے اپنے خطاب میں ملک کو درپیش مختلف چیلنجوں اور مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے نئے اور خودکفیل ہندوستان کا لائحہ عمل پیش کیا۔وزیراعظم نے صحت سے لے کر تعلیم، سیکورٹی، زراعت، خواتین کو بااختیار بنانے، سماجی اصلاحات، انفراسٹرکچر کا فروغ ، پڑوسی ممالک اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی پالیسی کے ساتھ حکومت کے مختلف منصوبوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا ملک کو اس کے مقاصد اور نشانوں کے حصول سے نہیں روک سکتی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کورونا کے خلاف کامیابی حاصل کرلے گا ۔ ملک میں کورونا کے تین ویکسین کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور ماہرین سے ہری جھنڈی ملتے ہی اس کی بڑے پیمانے پر تیاری کی جائے گی اور کم وقت میں تمام شہریوں تک اس کو پہنچایا جائے گا۔مشرقی لداخ میں چین کیساتھ تقریباً تین ماہ سے جاری ٹکراؤ اور ایل او سی پر پاکستان کی حرکتوں کا خاص طور سے ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتداراعلی کا دفاع ملک کی سب سے پہلی ترجیح ہے اور ہمارے جوانوں نے لداخ میں دنیا کو دیکھا دیا ہے کہ وہ ہندوستان کی جانب آنکھ اٹھاکر دیکھنے والوں کو اسی کی زبان میں منہ توڑجواب دینا جانتے ہیں۔ انہوں نے ایل او سی سے ایل اے سی تک کا ذکر کیا۔انہوں نے کشمیر میں از سرنو حد بندیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ وہاں حکومت انتخابات کے عہد کی پابند ہے ۔

اس دوران تقریب پر کورونا وبا کا سایہ بھی دکھائی دیا۔ پوری تقریب کا اہتمام کورونا سے متعلق پروٹوکول کو دھیان میں رکھ کر کیا گیا تھا جس میں سبھی مہمان اور سلامتی اہلکار ماسک پہنے ہوئے اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے دیکھے گئے۔کورونا کی وجہ سے ہی اس مرتبہ اسکولی بچوں کو دعوت نہیں دی گئی تھی تاہم این سی سی کیڈیٹس نے اس میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ خود انحصاری کا سب سے بڑا سبق صحت کے شعبہ نے دیا ہے۔کورونا بحران سے پہلے ملک میں صرف ایک کورونا ٹیسٹنگ لیاب تھی لیکن اب 1,400 لیابس ہندوستان کے ہر کونے میں پھیلے ہوئے ہیں۔مودی نے نیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ مشن کا اعلان کیا جس کے ذریعہ ڈاکٹر سے وقت لینا، رقم جمع کرنا، یا دواخانہ میں پرچی پنوانے جیسی سہولتیں حاصل ہوں گی۔ گزرے کچھ برسوں میں نے یہیں لال قلعہ سے کہا تھا کہ پچھلے پانچ سال ملک کی توقعات کیلئے تھے اور آنے والے پانچ سال ملک کی امیدوں کی تکمیل کیلئے ہوں گے۔ہمیں میک ان انڈیا کے ساتھ ساتھ میک فور ورلڈ کے منتر کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔‘‘مودی نے قومی سلامتی کی تین جہتی تیاریوں کا خاکہ پیش کیااور کہا کہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے ساتھ ساتھ سمندری تحفظ اور سرحد کو بڑھانے کیلئے جزیروں پر بنیادی ڈھانچے میں اضافہ کیا جائے گا اور سرحدی علاقوں میں ایک لاکھ نوجوانوں کو نیشنل کیڈٹ کور میں شامل کیا جائے گا۔انہوں نے پاکستان اور چین دونوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی یا توسیع پسندی ، ہندوستان کے فوجیوں نے اس کا بخوبی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے اشاروں میں یہ بھی کہا کہ توسیع پسندانہ سوچ دوسرے ممالک کو غلام بناتی ہے۔ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر سائبر حملوں کے خطرے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان چوکنا ہے، محتاط ہے اور ان خطرات سے نمٹنے کے لئے فیصلے کر رہا ہے اور مسلسل نئے نظام بھی تیار کررہا ہے۔انہوں نے لائن آف ایکچول کنٹرول کے ساتھ سرحد کا دفاع کرتے ہوئے چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ ان بہادر فوجیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔مودی نے ملک و بیرون ملک ہندوستانی عوام کو74 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔