کورونا وائرس کیخلاف ہندوستان کی لڑائی طویل ہوگی، انسداد کیلئے مثالی کوشش

,

   

عوام کا ڈسپلن، سنجیدگی دنیا بھر کیلئے قابل تقلید، بی جے پی یوم تاسیس پر وزیراعظم مودی کا خطاب

نئی دہلی 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ہندوستان کی جاریہ لڑائی ایک طویل لڑائی ہوگی۔ اُنھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اس طویل لڑائی میں وہ تھکن اور شکست خوردگی کا احساس پیدا نہ ہونے دیں۔ مودی نے یقین کا اظہار کیاکہ کورونا وائرس کے خلاف ایک طویل لڑائی میں ہندوستان بالآخر فاتح کی حیثیت سے اُبھرے گا۔ وزیراعظم مودی نے اپنی پارٹی بی جے پی کے 40 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خوفناک وباء کوویڈ ۔ 19 سے نمٹنے کے لئے ان کی حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات پر اپوزیشن کی تنقیدوں کی مذمت کی اور دعویٰ کیاکہ ہندوستان کی مساعی ساری دنیا کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ اُنھوں نے اِس ضمن میں عالمی قائدین اور عالمی ادارہ صحت کی ستائش کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ ’یہ ایک طویل لڑائی ہوگی، ہمیں اِس میں تھکا ہارا محسوس نہیں کرنا چاہئے۔ اِس طویل لڑائی میں ہمیں فتح حاصل کرنا ہوگا۔ ہم فاتح کی حیثیت سے اُبھریں گے۔ آج ہم سب کا مقصد، عزم ، عہد و منزل ایک ہے اور یہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی جیتنا ہے‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان، اُن ملکوں میں شامل ہے جو کوویڈ ۔ 19 کی سنگینی کو سمجھتا ہے اور اس کی سرکوبی کے لئے بروقت جامع منصوبہ کے ساتھ متعدد اقدامات کا آغاز کیا تھا۔ ملک ایک کے بعد دیگر کئی فیصلے کیا ہے اور ابتدائی سطح سے اس پر عمل آوری کی گئی۔ واضح رہے کہ بشمول راہول گاندھی بعض اپوزیشن قائدین نے حکومت پر بروقت اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ وزیراعظم مودی جنھوں نے عوام کو گھروں سے باہر نکلتے وقت چہروں پر ماسک لگانے کی ترغیب دی تھی، اپنی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی طویل فہرست بیان کرتے ہوئے ایرپورٹس پر بین الاقوامی مسافرین کی سب سے پہلے تھرمل اسکریننگ شروع کی گئی تھی۔ کورونا وائرس سے متاثر بیرونی ممالک سے ہزاروں ہندوستانیوں کو خصوصی طیاروں کے ذریعہ ملک واپس لایا گیا۔ بعض متاثرہ ملکوں کے طیاروں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ ملک بھر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے میڈیکل انفراسٹرکچر کو مستحکم بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہاکہ بیرونی ممالک کے سربراہان ہندوستان کے عزم، استقلال اور ڈسپلن کی ستائش کررہے ہیں۔ بالخصوص لاک ڈاؤن کے دوران جس سنجیدگی اور پختہ کاری کا مظاہرہ کیا گیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ اُنھوں نے اتوار کو ملک بھر کے کروڑوں گھروں میں لائٹس بند کرتے ہوئے دیئے جلانے کے عمل کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ دولتمند، غریب، خواندہ، ناخواندہ اور عمر کے مختلف زمروں سے تعلق رکھنے والوں، سماج کے تمام طبقات نے ہاتھ سے ہاتھ ملاتے ہوئے 130 کروڑ ہندوستانیوں کی طاقت کا متحدہ مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم مودی کی طرف سے گزشتہ ماہ کے اواخر معلنہ 21 روزہ بند 14 اپریل کو ختم ہوگا۔