کورونا وائرس کیلئے سیاہ کوٹ زیادہ خطرناک

   

وکلا کو سفید رنگ استعمال کرنے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس بوبڈے نے ججس اور وکلاء کیلئے نئے ڈریس کوڈ کے احکام جاری کئے ۔ چیف جسٹس کے مطابق روایتی استعمال کئے جانے والے سیاہ کوٹ اور گوونس کورونا انفیکشن کیلئے زیادہ خطرناک ہیں لہذا ججس اور وکلاء کو سیاہ رنگ کے استعمال سے منع کیا گیا ۔ مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سفید کپڑوں کے استعمال کی ہدایت دی۔ اس سلسلہ میں سکریٹری جنرل سپریم کورٹ کی جانب سے سرکیولر جاری کیا گیا جس میں وکلاء کو ہدایت دی گئی کہ وہ سفید شرٹ، سفید شلوار قمیض اور سفید ساڑی کا استعمال کریں۔ سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران حصہ لینے والے وکلاء کیلئے سفید کپڑوں اور گلے میں سفید بینڈ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ۔ فوری اثر کے ساتھ ان احکامات پر عمل آوری ہوگی۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اگرچہ مقدمات کی سماعت جاری تھی تاہم ججس نے منگل سے کورٹ روم میں سماعت کا آغاز کیا ہے۔ وکلاء کے علاوہ فریقین کو کورٹ ہال یا پھر ویڈیو کانفرنسنگ کی سماعت کے دوران موجودگی کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ سماجی فاصلہ کی شرط کو برقرار رکھا جاسکے۔