کورونا وائرس کی تیسری لہر سے متعلق غلط بیانی کرنے والا انجینئر گرفتار

   

ڈائرکٹر تلنگانہ پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس کی شکایت پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر سے متعلق غلط اور بے بنیاد بیان ٹی وی پر جاری کرنے والے ایک کمیکل انجینئر ڈاکٹر پرچوری ملک کو سلطان بازار پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور بعدازاں ضمانت پر رہا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے سلطان بازار پولیس سے ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی جس میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ ڈاکٹر پرچوری ملک نے ایک ٹی وی شو کے دوران کورونا وائرس وباء کی تیسری لہر اور اُس کے ویرینٹ کے بارے میں غلط اور بے بنیاد بیان جاری کیا تھا۔ شکایت میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹر پرچوری ملک کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ تیسری لہر کے دوران بچوں پر خطرناک اثرات ہوں گے حتیٰ کہ کورونا وائرس مریضوں کے نعشیں مسخ ہوجائیں گی۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی شکایت پر سلطان بازار پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 505 اور 506 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 54 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اُن کے آبائی مقام وشاکھاپٹنم میں نوٹس جاری کیا تھا اور آج شہر پہونچنے پر اُنھیں گرفتار کرلیا گیا۔ سلطان بازار انسپکٹر بی بھکشاپتی نے کہاکہ ڈاکٹر پرچوری ملک کو گرفتار کرنے کے بعد اُنھیں پولیس اسٹیشن سے ہی ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔