کورونا وائرس کی تیسری لہر سے محفوظ رہنے ٹیکہ اندازی پر توجہ دی جائے

   

Ferty9 Clinic

حج و عمرہ کے لیے بھی ٹیکہ لازمی ، عوام کوتاہی نہ کریں ، ڈاکٹر ایس اے مجید اور حبیب عبدالقادر کا بیان
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران وائرس کے خطرناک اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے ضروری ہے کہ شہری ٹیکہ اندازی کو یقینی بنائیں کیونکہ کورونا وائرس کا ٹیکہ لینے کے بعد وائرس کا شکار ہونے پر بھی علاج آسان ہوگا اور کسی بھی طرح کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔ ملک بھر میں تیسری لہر کے سلسلہ میں جاری کئے جانے والے خدشات اور کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ جلد ہی تیسری لہر کے اثرات واضح ہونے لگ جائیں گے اسی لئے جن لوگوں نے کورونا وائرس کا ٹیکہ نہیں لیا ہے ان کو چاہئے کہ وہ ٹیکہ لینے میں عجلت کریں۔ ڈاکٹرایس اے مجید ماہر ذیابیطس نے بتایا کہ ٹیکہ کے حصول کے معاملہ میں پرانے شہر سے تعلق رکھنے والوں میں لا شعوری دیکھی جارہی ہے جو کہ تیسری لہر کے دوران خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر میں حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے ٹیکہ کے حصول کے لئے جوش و خروش دیکھا جا رہاہے لیکن پرانے شہر کے علاقوں میں بالخصوص اقلیتی آبادیوں میں ٹیکہ کے حصول کے سلسلہ میں عدم دلچسپی انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اسی لئے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے علاوہ صحت کے شعبہ میں خدمات انجام دینے والی تنظیموں اور اداروں کو چاہئے کہ وہ پرانے شہر میں ٹیکہ اندازی مراکز کے قیام اور عوام کے درمیان شعور بیداری پیدا کرنے کے اقدامات کریں۔ ڈاکٹرس ایس اے مجید نے کہا کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو بھی اس سلسلہ میں غور کرتے ہوئے ان علاقوں اور وارڈس پر توجہ دینے کے اقدامات کرنے چاہئے جن علاقوں میں پہلی اور دوسری لہر کے دوران کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد زیادہ رہی اور وائرس کے سبب اموات میں بھی اضافہ ریکارڈکیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سیرو سروے کے مطابق ریاست تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 61 فیصد آبادی میں کورونا وائرس سے مقابلہ کی صلاحیت موجود ہے لیکن مابقی شہریوں کو ٹیکہ حاصل کرتے ہوئے اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کو خانگی ڈاکٹرس اور کلینکس میں بھی کورونا وائرس ٹیکہ کی فراہمی کی اجازت فراہم کرنی چاہئے تاکہ شہری اپنے فیملی ڈاکٹرس کے پاس ہی کورونا وائرس کا ٹیکہ حاصل کرسکیں۔جناب حبیب عبدالقادر الحامدساکن شاہ علی بنڈہ مالک بسم اللہ ٹورس اینڈ ٹراویلس نے بتایا کہ وہ ٹیکہ حاصل کرچکے ہیں اور اپنے افراد خاندان کو بھی ٹیکہ لینے کی تلقین کر رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ٹیکہ کے متعلق پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالہ کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ جناب حبیب عبدالقادرالحامدنے بتایا کہ موت و حیات اللہ کے ہاتھ ہے اور وقت سے پہلے کوئی طاقت سانس کو روک نہیں سکتی ۔ انہوں نے بتایا کہ محفوظ ماحول کی فراہمی اور حفاظت خود اختیاری کے ساتھ دیگر ابنائے وطن کی حفاظت کیلئے ذمہ داری کے ساتھ ٹیکہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ حج و عمرہ کیلئے ٹیکہ اندازی کے لزوم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب مقدس سفر کیلئے ٹیکہ لازمی کیا جاچکا ہے تو ایسی صورت میں ٹیکہ لینے میں کوئی جھجک نہیں ہونی چاہئے ۔