کھمم میں تمام محکمہ جات متحرک ، جائزہ اجلاس سے وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کا خطاب
کھمم ۔17 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اور احتیاطی تدابیر کے ضمن میں کھمم ضلع انتظامیہ کی جانب سے کھمم ایم ایل اے و ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کی صدارت میں تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس اجلاس میں کھمم شہر کے مساجد کے صدور و آئمہ ، منادر کے پجاری اور گرجا گھروں کے پادریوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس جس سے تمام دنیا کے 20 سے زائد ممالک متاثر ہے۔ اس وائرس کی روک تھام کیلئے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے تمام محکمۂ جات کو متحرک کردیا گیا ۔ اس موقع پر کھمم ضلع ڈی ایم ایچ او محترمہ مالتی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے ضمن میں منڈل سطح پر میڈیکل ٹیمس کو متحرک کردیا گیا جن میں آشا ورکرس کے علاوہ ڈاکٹرس کو بھی متعین کردیا گیا ۔ کھمم گورنمنٹ ہاسپٹل میں ایک خصوصی وارڈ بھی مختص کردیا گیا ۔ ضلع بھر میں تاحال اب تک 60 لوگوں کو کورونا وائرس کے شبہ میں کھمم گورنمنٹ ہاسپٹل لایا گیا جن میں بعد تشخیص کے صرف 4 افراد کو حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جن میں سے تین افراد بیرونی ممالک سے اپنے گھر واپس ہوئے تھے ۔ بقیہ تمام لوگ کورونا وائرس کا معائنہ کرنے کے بعد نگیٹیو رپورٹ پائی گئی ۔ کھمم کلکٹر آر وی کرشنن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے عوام کو خوف و ہراساں ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ صاف صفائی کا خاص خیال رکھے بالخصوص نزلہ اور بخار پائے جانے پر فوری دواخانے سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا ۔ تمام تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی خانگی کلاس نہ چلائے ۔ ایمسیٹ اور نیٹ کوچنگ کے نام پر طلبہ کی کوئی کلاس نہ لے ورنہ تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اسی طرح مساجد ، منادر اور گرجا گھروں میں عوام کی بھیڑ نہ جمع کرے ۔ کھمم کمشنر پولیس تفسیر اقبال نے کہاکہ کورونا وائرس کو لیکر سوشل میڈیا پر بالخصوص واٹس ایپ اور فیس بک پر بے بنیاد خبروں کی اشاعت نہ کرے ۔ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انھوں نے انتباہ دیا ۔ تفسیر اقبال نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی احتیاط سے کام کرے ، بے بنیاد خبروں کی اشاعت نہ کرے حق پر مبنی خبروں کی ہی اشاعت کرے ورنہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقع پر کھمم بلدیہ میئر ڈاکٹر بابا لال ، کھم اے سی پی گنیش ضلع ڈی سی سی بی بیگ چیرمین کرا کلا ناگہ پٹنم کے علاوہ دیگر عہدیداران موجود تھے ۔