کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں میڈیا کے نمائندوں سے اندرا کرن ریڈی کا خطاب
نرمل /15 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آج ساری دنیا میں کورونا وائرس کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے ۔ وہیں ہمارے ملک کے کئی علاقے اس کی لپیٹ میں ہیں ۔ احتیاطی اقدامات میں کوئی کمی نہیں کی جاری ہے ۔ تاہم عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نے آج دوپہر کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ اس وباء پر قابو پانے کیلئے سوائے احتیاط کے اور کوئی راستہ نہیں ہے ۔ ضلع انتظامیہ پوری طرح سے متحرک ہے ۔ عوام کو ہر طرح کی سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں ۔ ترکاری بھی ضلع کلکٹر کی راست نگرانی میں عوام کے گھروں تک پہونچائی جارہی ہے ۔ لہذا عوام کو چاہئے کہ وہ بھی حکومت کے ہدایات پر عمل آوری کرتے ہوئے اس وباء سے محفوظ رہیں ۔ اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر مشرف علی نے کہا کہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ کرنے کیلئے ہر ممکنہ قدم اٹھائے جارہے ہیں ۔ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام سرکاری عہدیداروں سے تعاون کرتے ہوئے اپنے آٖ کو گھروں میں محفوظ رکھیں ۔ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کی تمام ہدایات کو روبہ عمل لایا جارہا ہے ۔