کورونا وائرس کی رہنمائی کیلئے کانگریس کا کنٹرول روم

   

گاندھی بھون میں دو شفٹ میں کام کرے گا، اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔30۔مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں کورونا وائرس کے سلسلہ میں عوام کی مدد اور رہنمائی کیلئے کانگریس پارٹی نے کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ گاندھی بھون میں آج اتم کمار ریڈی نے سینئر قائدین سے ملاقات کی اور کنٹرول روم کے قیام کا اعلان کیا۔ کنٹرول روم دو شفٹوں میں کام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وائرس سے متاثر ہونے یا کسی اور مدد کیلئے فون نمبر 040-24601254 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ صبح 8 تا رات 8 بجے کنٹرول روم کام کرے گا ۔ متاثرہ افراد فون کرنے کی صورت میں انہیں مقامی کانگریس قائدین کے ذریعہ تمام ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔ کنٹرول روم کی ذمہ داری پردیش کانگریس کے نائب صدر کمار راؤ اور جنرل سکریٹری پریم لال کو دی گئی ہے۔ صبح 8 تا دوپہر 2 بجے پہلی شفٹ اور دوپہر 2 تا 8 بجے شب دوسری شفٹ رہے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست بھر میں کانگریس قائدین عوام کی مدد میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لئے حکومت نے جس پیاکیج کا اعلان کیا ہے، اس پر فوری عمل کیا جائے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے اعلان کے باوجود ابھی تک تقسیم کا آغاز نہیں ہوا ہے ۔ صدرپردیش کانگریس نے عوام تک اشیائے ضروریہ کی سربراہی کے علاوہ قیمتوں پر قابو پانے اور بلیک مارکیٹنگ روکنے کا مطالبہ کیا۔