کورونا وائرس کی صورتحال پر حکومت بیان دے

   

نئی دہلی۔ 4 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے کیرالا میں کورونا وائرس کے پھیلنے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے منگل کو مرکزی حکومت سے اسے روکنے کیلئے ضروری سہولیات دستیاب کرانے کے ساتھ ہی اس سلسلہ میں پارلیمنٹ میں جامع بیان دینے کی مانگ کی۔کانگریس کے ٹی این پرتاپن نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیرالا میں اس وائرس سے متاثر تین لوگوں کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ اس سے لوگوں میں دہشت کاماحول ہے ۔ مرکزی حکومت کو متاثرہ علاقوں میں اس وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کرنے چاہئیں اور مالی مدد کے ساتھ ہی طبی آلات کے لئے میڈیکل ٹیم فوری طورپر بھیجنی چاہئے ۔آر اے سی کے این کے پریم چندرن نے کہاکہ کیرالا میں اس بیماری سے متاثرہ تین لوگو ں کی شناخت کی گئی ہے لیکن مرکزی حکومت کی طرف سے وہاں اب تک مناسب سہولیات دستیاب نہیں کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے ملک میں اس بیماری کی صورتحال کے بارے میں بیان کی مانگ کی ہے ۔پارلیمانی امور کے وزیرمملکت ارجن میگھوال نے کہاکہ حکومت اس بارے میں سنجیدہ ہے اور اراکین کے جذبات سے وہ متعلقہ وزیر کو واقف کرائیں گے ۔