کورونا وائرس کی مریضہ نے بچہ کو جنم دیا، ماں اور نومولود دونوں صحت مند

   

حیدرآباد13مئی (سیاست ڈاٹ کام) شہر حیدرآباد کے مشہور گاندھی اسپتال جہاں کورونا وائرس سے متاثراہ افراد کا علاج کیاجارہا ہے میں اس وبا سے متاثرہ ایک اور حاملہ خاتون نے بچہ کو جنم دیا۔چند دن پہلے بھی اس موذی مرض سے متاثرہ حاملہ خاتون نے اسی اسپتال میں ایک صحت مند بچہ کو جنم دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق اس حاملہ خاتون کو دو دن پہلے اس اسپتال سے رجوع کیاگیا تھا جہاں اس کے مختلف معائنے بھی کئے گئے تھے ۔اس کی سیزئیرین کے ذریعہ زچگی انجام دی گئی جس کے بعد زچہ اور نوزائیدہ دونوں کی حالت مستحکم ہے ۔گاندھی اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ راجہ راؤ نے کہا کہ چونکہ زچہ،اس وبا سے متاثر ہے ،اسی لئے نوزائیدہ بچہ کی بھی طبی جانچ کی جائے گی۔ڈاکٹروں نے کہا کہ بچہ میں کوئی علامات نہیں پائی گئیں اور ماں کی حالت بھی اطمینان بخش ہے۔