کورونا وائرس کی وباء،مکانات کی فروخت میں %49 کی کمی

   

ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء اور پھر اس سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن کے باعث ملک کے 7 بڑے شہروں میں مکانات کی فروخت میں نصف کمی آگئی ہے ۔ انا راک پراپرٹی کنسلٹنٹس کی رپورٹ کے مطابق 2019ء کے دوسرے نصف کے مقابلے میں 2020ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران مکانات کی فروخت آدھی ہوگئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری تا جون کے دوران مجموعی طور پر 57,940 یونٹس فروخت کئے گئے ۔ کورونا وائرس کی وباء کے باعث ہر شہر میں یہی صورتحال رہی اور 2019ء کے دوسرے نصف کے مقابل 2020ء کے پہلے ششماہی میں 49% کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ملک کے سات سرکردہ شہروں میں مکانات کی فروخت میں کمی 46% تا 51% کے درمیان رہی۔ یہ سروے قومی دارالحکومت (این سی آر) ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن (ایم ایم آر) ، بنگلورو ، پونے، حیدرآباد ، چینائی اور کولکتہ میں کیا گیا۔ 2020ء کے دوسرے سہ ماہی میں فروخت 22% رہی جس کی بنیادی وجہ مجموعی طور پر آدھے سال کی فروخت میں کمی ہے۔ اپریل تا جون 2020ء کے دوران مکانات کی فروخت 2019ء کے دوسرے سہ ماہی کے 81% کے مقابل 72% کمی رہی۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کے باعث جو بحران پیدا ہوا ہے ، اس کے باوجود 57,940 یونٹس فروخت ہوئے ہیں اور 2020ء کے پہلے ششماہی میں یہ سلسلہ برقرار رہا۔ مذکورہ مدت کے دوران 2019ء کے دوسرے نصف سے مقابلہ کیا جائے تو 56% کی کمی واقع ہوئی ہے۔ مارچ کے آخری ہفتہ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کا رئیل اسٹیٹ شعبہ پر شدید اثر پڑا ہے۔ غیرفروخت شدہ تجارتی مال میں گزشتہ سال کے دوسرے ششماہی کے مقابل 2020ء کے پہلے ششماہی میں 2% کمی آئی ۔