کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں میں رہنے والے فائدہ اُٹھائیں

   

تجارت و دیگر طریقوں کی نیکیوں کی کمائی کریں،ڈاکٹر نادر المسدوسی
حیدرآباد۔ یکم؍مئی، ( پریس نوٹ ) اللہ تبارک تعالیٰ کی ساری کائنات پر اپنی مضبوط گرفت اور اپنی کبریائی کا اظہار آج سارا جہاں دیکھ رہا ہے کہ صرف ایک ادنیٰ سے وائرس کی وجہ سے جیسے ساری دنیا تھم کر رہ گئی ہے۔ ورنہ دنیا میں سائنسی ترقی کی بنیاد پر ہر کوئی اپنی مادی طاقت کی بنیاد پر خود کو سوپر ظاہر کرنے میں لگا ہوا تھا۔ یہ غرور، گھمنڈ اور اکڑ سب کچھ چکنا چور ہوگئی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا ڈاکٹر نادرالمسدوسی نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ یہ بہترین موقع ہے کہ اللہ تبارک تعالیٰ کے وحدہ لاشریک لہ کے رب العالمین ہونے کا دنیا کے سامنے دلائل کے ساتھ بالخصوص غیر مسلمین کے قلب و ذہن کو روشن اور منور کرنے کا اہم فریضہ ادا کریں۔ ڈاکٹر نادرالمسدوسی نے اپنے بیان میں عامتہ المسلمین سے بھی گذارش کی ہے کہ وہ حاصل کردہ اس بہترین موقع کو نہ گنوائیں ، اپنے تجارت اور دیگر معاشی و مالی منفعت کے نقصان کو اعلیٰ ترین آخرت کے فائدے کو حاصل کرنے کا ذریعہ بنائیں۔ بہر حال جو کچھ مالی نقصان ہورہا ہے اس پر غم نہ کریں بلکہ ان حالات میں ماہ رمضان کی آمد سے جو خشوع وخضوع کے ساتھ عبادت کرتے ہوئے آخرت کو کامیاب کرنے کا بہت بڑا موقع حاصل ہوا ہے، اس کی خوشیاں منائیں۔