کانگریس اور دیگر این جی اوز کی جانب سے ماسک کی مفت تقسیم
حیدرآباد ۔5۔ مارچ (سیاست نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ڈاکٹرس نے شعور بیداری کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے طور پر دوسروں کو اس مہلک وائرس کے بارے میں آگاہ کریں ۔ اسی مہم کے حصہ کے طور پر کانگریس پارٹی اور مختلف رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں عوام میں ماسک کی مفت تقسیم عمل میں آئی۔ ایل بی نگر یوتھ کانگریس کے صدر جئے پال ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ میٹرو ٹرین کے مسافرین میں ماسک تقسیم کئے ۔ انہوں نے مسافرین سے اپیل کی کہ وہ دوسروں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلہ میں احتیاطی اقدامات سے آگاہ کریں تاکہ حیدرآباد اور تلنگانہ کو وائرس کے اثرات بچایا جاسکے۔ آج صبح 1500 سے زائد مسافرین میں ماسک کی تقسیم عمل میں آئی ۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ایک دوسرے سے ملاقات کے وقت مصافحہ سے گریز کریں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ مصافحہ کے بجائے اشارہ سے سلام کیا جاسکتا ہے ۔ رضاکارانہ تنظیموں نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ مارکٹ میں ماسک کی قیمتوں میں اضافہ پر کنٹرول کریں۔ 50 روپئے میں عام نوعیت کا ماسک فروخت کیا جارہا ہے جبکہ اس کی حقیقی قیمت دو روپئے ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ مختلف این جی اوز کی جانب سے عابڈس ، سکندرآباد اور دیگر علاقوں میں مفت ماسک کی تقسیم کی اطلاعات ملی ہیں۔