کورونا وائرس کے بارے میں ٹھوس اور عملی حل نکالنے کے لئے سی سی ایم بی پُرامید

   

حیدرآباد13اپریل (یواین آئی) حیدرآباد کے سنٹر فار سیلولر اینڈ مائیکروبائیولوجی(سی سی ایم بی)نے امید ظاہر کی کہ وہ کورونا وائرس کے بارے میں ٹھوس اور عملی حل نکالے گا۔سی سی ایم بی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر راکیش کے مشرا نے کہا کہ ادارہ نے انسٹی ٹیوٹ آف جینومکس اینڈ انٹی گریٹیو بائیولوجی کے ساتھ کورونا وائرس کے سلسلہ میں تحقیقاتی کام کیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے تین تاچار ہفتوں میں سی سی ایم بی سینکڑوں آئیسولیٹس مکمل کرے گا اور کسی نتیجہ پر پہنچے گا جو کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے عملی طورپر فائدہ مند ثابت ہوگا۔ڈاکٹر راکیش نے کہا کہ اب تک کورونا وائرس سے سینکڑوں آئیسولیٹس پر کام کیاگیا ہے اور مزید کچھ ہفتوں تک سینکڑوں آئیسولیٹس پر کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ جینوم کے تسلسل پر تحقیقی کام پر کورونا وائرس کو سمجھنے اور اس کی دوا یا ٹیکہ بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ کورونا وائرس کے لئے ویکسین قابل عمل نہیں ہے کیونکہ وائرس کافی تیزی سے سرگرم ہوتا ہے ۔