کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہر شہری اپنا حصہ ادا کرے

   

کے سی آر کے اقدامات سے مثبت نتائج، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کا بیان
حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کہا کہ متحدہ مساعی کے ذریعہ کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے۔ ہر شخص کو اس مہم میں اپنا حصہ ادا کرنا چاہئے۔ ونود کمار نے کہا کہ پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی مہم کو کورونا وائرس کے خلاف مہم میں تبدیل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی دوراندیشی کے نتیجہ میں تلنگانہ میں صورتحال قابو میں ہے۔ چیف منسٹر نے ریاست کے ہر شہری کو کورونا کے خلاف لڑائی میں شامل کرتے ہوئے وائرس کے بچائو میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ہمہ جہتی ترقی اور صحت و صفائی کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری کا سلسلہ جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور دیہی علاقوں میں بھی عوام باشعور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں سے زیادہ دیہی علاقوں میں توجہ کی ضرورت ہے۔ اگر ہم گائوں کو وائرس سے محفوظ کرلیں تو شہر خودبہ خود محفوظ رہیں گے۔ ونود کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے ریاست گیر سطح پر وائرس کے خلاف جنگ چھیڑدی ہے اور احتیاطی تدابیر سے ریاست میں صورتحال قابو میں رکھنے میں مدد ملی۔ پلے پرگتی پروگرام میں عوامی نمائندے شعور بیداری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظم و نسق کی جانب سے دیہی علاقوں میں وائرس کی روک تھام کے لیے ادویات کا چھڑکائو کیا جارہا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ وائرس کے خلاف لڑائی میں مزید چوکسی کی ضرورت ہے اور یہ سلسلہ مزید جاری رہنا چاہئے۔ تلنگانہ کورونا کی روک تھام کے سلسلہ میں ملک بھر کے لیے مثال بن چکا ہے۔ ہمیں موجودہ صورتحال پر اکتفا کرنے کے بجائے مزید سختی سے پابندیوں پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے وائرس سے نمٹنے کے سلسلہ میں ڈاکٹرس، پیرا میڈیکل اسٹاف، میڈیکل اینڈ ہیلتھ، میونسپل عہدیداروں اور پولیس کی خدمات کی ستائش کی۔ ونود کمار نے کہا کہ عوام کو باشعور بنانے میں میڈیا بھی اہم رول ادا کررہا ہے۔ تمام طبقات کے عوام متحدہ طور پر وائرس کے خلاف اقدامات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ صرف موجودہ اقدامات پر اکتفا کرنے کے بجائے مزید سخت احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ جلد سے جلد اس وباء سے تلنگانہ کو نجات حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری تحدیدات کی خلاف ورزی نہ کریں اور صرف سخت ضرورت کے تحت ہی گھروں سے باہر نکلیں۔