کورونا وائرس کے خلاف حیدرآبادی ڈاکٹرس کے خاندان کی ناقابل فراموش خدمات

   

حیدرآباد۔7 اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس سے پورا خاندان متاثر ہونے کی خبریں تو میڈیا کی زینت بن چکی ہیں لیکن ایسی خبر پہلی مرتبہ منظر عام پر آئی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج میں پورا ڈاکٹر خاندان 24 گھنٹے اپنی خدمات فراہم کررہا ہے اور اس ڈاکٹر خاندان کو سوشل میڈیا پر ساری دنیا سے سلام پیش کرنے کے علاوہ ان کے لئے نیک تمناؤوں کا بھی اظہار کیا جارہا ہے۔تلنگانہ میں ایک ڈاکٹر خاندان کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں24 گھنٹے مصروف ہے اور اس خاندان کا تعلق نوابوں کے شہر سے تعلق ہے۔ ڈاکٹر محبوب خان کے خاندان کی اس وقت ساری دنیا ستائش کررہی ہے۔ ڈاکٹرزکا یہ خاندان حیدرآباد سے تعلق رکھتا ہے اور ڈاکٹر محبوب خان 1998سے ڈاکٹر کے مقدس پیشہ سے وابستہ ہیں اورپیشہ طب کا 22سالہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ وہ حیدرآباد کے چیسٹ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ہیں۔ دوسری جانب ان کی اہلیہ ڈاکٹر سہانہ خان 15برس سے ڈاکٹر ہیں اور وہ ڈرماٹولوجسٹ ہیں۔ ڈاکٹر سہانہ خان گاندھی اسپتال میں ڈاکٹر ہیں۔ان کی بیٹی رشیخا خان نے حال ہی میں ایم بی بی ایس کی تکمیل کی ہے اور فیور اسپتال میں سرجن کے طورپر خدمات انجام دے رہی ہیں۔یہ تینوں ریاست میں کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں تلنگانہ میں کافی آگے ہیں۔انہوں نے خود کے روزانہ کی مصروفیات کے بارے میں کہا کہ ان کے خاندان کے تین افراد روزانہ صبح9بجے اپنی خدمات انجام دینے کیلئے گھر سے نکل پڑتے ہیں۔ہفتہ میں ایک مرتبہ ان کی دختر کی نائیٹ ڈیوٹی ہوتی ہے۔قومی میڈیا نظام الدین میں تبلیغی مرکز کونشانہ بناتے ہوئے مسلمانوں کو بدنام کرنے میں اپنی ساری توانائیاں صرف کررہا ہے تو دوسری جانب حیدرآباد کے اس مسلم خاندان نے بتادیا کہ اصل حب الوطنی اور اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے جان کی پرواہ نہ کرنا کسی کہتے ہیں۔