نئی دہلی29مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی ایم ایس) ، شعبہ ریموٹولوجی کے صدر ، ڈاکٹر اُما کمار نے ، ملک میں کورونا وائرس (کوویڈ – 19) کے مسلسل بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر گٹھیا کے سنگین مریضوں کو خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا اور مریضوں کو گھر کے اندر ہی رہنے کو کہا ہے جس کی قوت مدافعت ادویات اور سوئیوں سے متاثرہوتی ہے ۔گٹھیا کے سلسلے میں معاشرے میں آگاہی پھیلانے کے لئے گزشتہ دنوں صدر رام ناتھ کووند کے ذریعہ اعزاز سے نوازے گئے ، ڈاکٹر کمار نے اتوار کے روز یواین آئی کو بتایا کہ 80 فیصد مریض کورونا وائرس سے لڑنے کے بعد اپنی قوت مدافعت سے ٹھیک ہوجاتے ہیں ، لہذا گٹھیا کے مریضوں کو اپنی قوت مدافعت بڑھانے پر خاص توجہ دینی چاہئیے ۔اس کے لئے متناسب ، قابل ہضم اور متوازن غذا بھی لینا چاہئے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک دن میں یہ قوت نہیں بڑھتی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کوروناکی وبا پھیل رہی ہے ، لہذا پین کلر جیسی دواؤں سے پرہیز کرنا چاہئے ۔