کورونا وائرس کے دور میں کامیاب طلبہ کے مستقبل کیلئے لمحہ فکر

   

ایچ ڈی ایف سی بینک میں ملازمت میں انٹرویو سے قبل اہلیتی امتحان کا لزوم
حیدرآباد۔4اگسٹ(سیاست نیوز) ملک میں کورونا وائرس کے دور میں کامیاب ہونے والے طلبہ کا مستقبل کیا ہوگا اس کی ایک جھلک ایچ ڈی ایف سی بینک کی جانب سے جاری کردہ ایک اشتہار میں نظر آئی ہے اور ماہرین کے مطابق مستقبل میں اس طرح کے اشتہار ات عام ہوجائیں گے اور جن طلبہ کو کورونا وائرس کے دور میں کامیاب کیا گیا ہے ان کے لئے مستقبل کسی بھی انٹرویوسے قبل اہلیتی امتحان منعقد کیا جاسکتا ہے کیونکہ کورونا وائرس کے دور میں ایس ایس سی ‘ انٹرمیڈیٹ کے علاوہ دیگر گریجویٹ کورسس میں بھی بغیر امتحان کے پاس کیا گیا ہے اسی لئے کارپوریٹ اداروں کی جانب سے ان طلبہ کو جو کورونا وائرس کے دور میں بغیر امتحان کے پاس ہوئے ہیں انہیں ملازمتوں کے لئے اہل قرار دینے سے انکار کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ مستقبل قریب میں حالات کے معمول پر آنے کے بعد اس دور میں کامیاب ہونے والوں کے لئے کارپوریٹ اداروں کی جانب سے اہلیتی امتحان کے انعقاد کے ذریعہ ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں موجود ایک سرکردہ امریکی کمپنی کے ہیومین ریسورس منیجر نے بات چیت کے دوران بتایا کہ عالمی سطح پر تعلیم متاثر ہوئی ہے اور امتحانات کے انعقاد میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں لیکن اس صورتحال کا حل نکالا جانا لازمی ہے اور اگر ایسا نہیں کیا جاتا ہے تو ایسے میں بے روزگاری کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے اسی لئے بیشتر کمپنیوں کے ذمہ دارو ںکی جانب سے اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ کس طرح ان حالات کو معمول پر لانے کے اقدامات کئے جائیں! ذرائع کے مطابق چینائی سے شائع ہونے والے ایک مؤخرانگریزی روزنامہ میں شائع ہونے والے ایچ ڈی ایف سی بینک کے اشتہار کے بعد نوجوانوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ملک میں آئندہ دنوں کے دوران مزید حالات ابتر ہوسکتے ہیں اسی لئے فوری طور پر ان حالات سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئے۔ ہندستانی کمپنی کے ایک ہیومین ریسورس منیجر نے بتایا کہ ملک میں جاری صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان کی کمپنی کے ذمہ داروں نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے دور میں کامیاب ہونے والے طلبہ کے پاس اگر اس دور کے بعد اعلیٰ تعلیم کے حصول کی ڈگری یا سند موجود ہے تو اسے قبول کیا جائے گا کیونکہ ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے بعد کے دور میں اعلیٰ تعلیم حاصل کئے ہیں اور اچھے نمبرات سے پاس ہوئے ہیں ان کی صلاحیت پر کوئی شبہ نہیں کیا جاسکتا اسی لئے انہیں ملازمت فراہم کرنے کے معاملہ میں کوئی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے ۔