کورونا وائرس کے علاج کے لیے پلازمہ تھراپی غیر کارکرد ؟

   

آئی سی ایم آر نے پلازمہ تھراپی کے طریقہ کار کو مسترد کردیا ، عنقریب علاج کی فہرست سے خارج
حیدرآباد۔ کورونا وائرس کے علاج میں اب پلازمہ تھراپی غیر کارکرد ثابت ہونے لگی ہے۔کورونا وائرس کے علاج کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد اب یہ کہا جا رہاہے کہ پلازمہ کے ذریعہ کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج ممکن نہیں ہے جبکہ گذشتہ چند ماہ کے دوران پلازمہ تھراپی کے ذریعہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے دعوے کئے جا رہے تھے لیکن اب یہ دعوے غلط ثابت ہونے لگے ہیں اور آئی سی ایم آر کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کیلئے پلازمہ کے استعمال کے طریقۂ کار کو مسترد کرتے ہوئے علاج کی فہرست سے خارج کرنے پر غور کیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ مرکزی وزارت صحت کو اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ روانہ کردی گئی ہے اور ماہرین سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے دوران ریمیڈی سیور اور پلازمہ تھراپی کے ذریعہ علاج کو قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے گئے تھے اور ابتداء میں حکومت اور آئی سی ایم آر نے کورونا وائرس کے علاج کیلئے ہائیڈروکسی کلوروکوئین کے استعمال کے اعلان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک کو ان ادویات کے ذریعہ امداد روانہ کی گئی تھی لیکن مسلسل جاری تحقیق کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے تھا کہ جو مریض کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اس مرض سے ٹھیک ہوئے ہیں ان کے پلازمہ کے ذریعہ کورونا وائرس کا علاج ممکن بنایا جاسکتا ہے اور دنیا کے کئی ممالک میں اس تھراپی پر عمل کیا گیا لیکن بتدریج اب پلازمہ تھراپی کو بھی مسترد کیا جانے لگا ہے بتایاجاتا ہے کہ آئی سی ایم آر کی جانب سے پلازمہ تھراپی کے کورونا وائرس کی فہرست علاج سے اخراج کے بعد پلازمہ کی طلب میں کمی واقع ہوجائے گی۔ ہندستان میں آئی سی ایم آر کی جانب سے پلازمہ تھراپی کو منظوری فراہم کئے جانے کے بعد ملک کی کئی ریاستو ںمیں پلازمہ بینک کا قیام عمل میں لایا گیا تھا لیکن اب آئی سی ایم آر کی جانب سے پلازمہ تھراپی کو کورونا وائرس کے علاج میں غیر معاون قرار دیئے جانے کے بعد ان پلازمہ بینک کی اہمیت ختم ہوجائے گی اور ملک بھر میں جو پلازمہ کی طلب میں اضافہ ہوا تھا اس میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آئی سی ایم آر کے ماہرین کی جانب سے جاریہ ہفتہ کے دوران اس سلسلہ میں مشاورت کو مکمل کرنے کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا اور اس کے بعد ہی کورونا وائرس کے علاج کی فہرست سے پلازمہ تھراپی کو خارج کیا جائے گا۔