نئی دہلی: ملک میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ ایک کروڑ سے زیادہ افراد میں 63 فیصد مرد اور صرف 37 فیصد خواتین ہیں۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں منگل کے روز وزارت صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ 10224303 افراد میں سے 63 فیصد مرد اور 37 فیصد خواتین ہیں۔بھوشن نے کہا کہ اگر عمر کی بنیاد پر کورونا وائرس کے متاثرین کو دیکھا جائے تو متاثرین میں 17 سال سے کم عمر کے افراد آٹھ فیصد ، 18 سے 25 سال کی عمر کے افراد 13 فیصد ، 26 سے 44 سال کی عمر کے افراد 39 فیصد ہیں۔ جبکہ 45 سے 60 سال کی عمر کے افراد 26 فیصد اور 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد 14 فیصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 سے 25 اور 25 سے 44 سال کی عمر کے افراد کام کاج کے لیے گھر سے باہر جاتے ہیں اور اس کی وجہ سے انفیکشن کے 52 فیصد معاملے 18 سے 44 سال کی عمر کے زمرے میں درج کیے گئے ہیں۔سکریٹری صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی صورتحال انفیکشن کے معاملوں سے مختلف ہے ۔ اموات میں صنف کے لحاظ سے 70 فیصد مرد اور 30 فیصد خواتین ہیں۔