حیدرآباد ۔ 12 ؍ اپریل ( این ایس ایس ) تلنگانہ بی جے پی کے صدر اور رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کمار نے اتوار کو کہا کہ کوویڈ ۔19 کے مریضوں میں مسلمانوں کی کثیر تعداد ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی پر زور دیا کہ مرکز نظام الدین میں مذہبی اجتماع میں شرکت کے بعد دہلی سے واپس ہونے مسلمانوں کو سمجھائیں کہ وہ اپنے معائنے کروائیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کورونا مثبت پائے جانے والے مریضوں کیلئے ان (اسد الدین اویسی) کی پارٹی ایم آئی ایم نے کیا کیا ہے ۔ کورونا مثبت مریضوں کی نعشوں کی آخری رسومات کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے بنڈی سنجے کمار نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور سرکاری حکم نامہ سے دستبرداری اختیار کرے ۔ انہوں نے آخری رسومات کے وقت صرف پانچ آدمیوں کی موجودگی اجازت دراصل ہندو مذہبی روایات کے مغائر ہے انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ اس حکم میں مسلم اصطلاح شامل نہیں ہے ۔