کورونا وائرس کے مریضوں کا آج سے پلازما تھراپی علاج

,

   

خوفناک وباء سے صحتیاب 200 افراد خون کا عطیہ دیں گے ‘ گاندھی ہاسپٹل میں خصوصی انتظامات

حیدرآباد۔10مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پلازما کے ذریعہ کورونا کے علاج کا عمل 11مئی دو شنبہ سے کردیا جائے گا۔ گاندھی ہاسپٹل میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے 15 مریضوں نے اپنے خون کا عطیہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور ان 15 افراد کے خون کا عطیہ 11مئی کو حاصل کیا جائے گا۔ آئی سی ایم آر کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے پلازما کے عطیہ کے ذریعہ اختیار کئے جانے والے طریقہ علاج پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اس اہم فیصلہ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ تاحال 15 مریض جو کہ کورونا وائر سے شفاء یاب ہوئے ہیں وہ اپنا خون کا عطیہ دینے کے لئے تیار ہیں جبکہ گاندھی ہاسپٹل کے ذرائع کے کا کہناہے کہ اب تک کورونا وائرس سے شفاء یاب ہوتے ہوئے ڈسچارج ہونے والے مریضوں میں 200 مریضوں سے اپنے خون کے عطیہ پر آمادگی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر اپنا خون کسی کو بھی دینے کیلئے تیار ہیں۔ پلازما تھراپی کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس سے شفاء یاب ہونے والے مریض کے خون میں موجود پلازما کے حصول کے لئے متاثرہ شخص کو چڑھائے جانے سے متاثرہ شخص کو ہونے والے نقصانات میں تیزی سے کمی آنے لگتی ہے اور متاثرہ شخص کا دفاعی نظام مستحکم ہونے لگتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ گاندھی ہاسپٹل میں موجود کورونا وائرس کے مریضوں میں فی الحال 5مریض ایسے ہیں جنہیں پلازما تھراپی درکار ہے ۔ڈاکٹرس کے مطابق ریاستی حکومت نے آئی سی ایم آر کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ریاست میں پلازما تھراپی پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان رہنمایانہ خطوط کے مطابق خون کے نمونوں کی کراس جانچ کے بعد ہی خون سے پلازما کی علحدگی اور اس کے استعمال کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اطباء نے بتایا کہ پلازما تھراپی کیلئے خون کے عطیہ کا حصول اور اس سے پلازما علحدہ کرنے کا مکمل عمل دو گھنٹے کا ہے اور اس عمل کے دوران مریض کو کوئی گزند نہیں پہنچتی بلکہ پلازما ان لوگوں کا ہی حاصل کیا جاتا ہے جن کی قوت مدافعت مستحکم ہوتی ہے اور جو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد بغیر کسی مشکل صورتحال کا سامنا کئے کہ شفاء یاب ہوئے ہیں کیونکہ ان کے پلازما کے ذریعہ ہی ان لوگوں کی قوت مدافعت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے جو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب کئی امراض میں مبتلاء ہوتے جا رہے ہیں ۔