کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے وینٹیلیٹرس کی تیاری

   

سیاستداں و صنعت کار وشویشور ریڈی کا کارنامہ، سند کے حصول کی مساعی
حیدرآباد۔22 اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی معروف شخصیت کونڈا ویشویشور ریڈی جو کہ ایک سیاستداں کے ساتھ ایک صنعتکاراور انجینئر بھی ہیں نے عوامی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے خود کا تیار کردہ وینٹیلیٹر جو کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے منظر عام پر لایا۔انہو ںنے اس وینٹیلیٹر کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سند کے حصول کیلئے متعلقہ اتھاریٹی کو روانہ کیا جاچکا ہے اور انتظار ہے کہ اسے سند حاصل ہوجائے۔مسٹر کونڈا ویشویشور ریڈی نے کہا کہ انہوں نے اس وینٹیلیٹر کو ICo-vent کانام دیا جو کہ انڈیا کویڈ وینٹیلیٹر ہے۔انہو ںنے بتایا کہ دنیا کو درپیش وینٹیلیٹر کی قلت کے چیالنج سے نمٹنے کے لئے تیار کئے گئے اس وینٹیلیٹر کے ذریعہ کورونا وائرس کے متاثرین کی کافی مدد کی جاسکتی ہے اور دنیا بھر میں اس وینٹیلیٹر کی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے قواعد بنائے گئے ہیں اور جن قواعد کی بنیاد پر وینٹیلیٹر تیار کئے جا رہے ہیں ان کو پورا کرتے ہوئے یہ وینٹیلیٹر تیار کیا گیا ہے اور اس وینٹیلیٹر کے ذریعہ کورونا وائرس سے متاثر شدید کو طبی مدد فراہم کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں وینٹیلیٹرس کی قلت اور موجودہ حالات میں دنیا کو درپیش ضرورت کو نظر میں رکھتے ہوئے مسٹر کونڈا ویشویشور ریڈی کی جانب سے تیار کئے گئے اس وینٹیلیٹر کی خصوصیات بھی انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران بیان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے شدید متاثرین کو ان حالات میں وینٹیلیٹرس کی ضرورت ہوتی ہے اور وینٹیلیٹرس کے ذریعہ ہی ان کی جان بچائی جاسکتی ہے اسی لئے وینٹیلیٹرس کی قلت کو دور کرنے کے مقصد سے انہوں نے خود اسے ضروریات کے مطابق تیار کیا ہے اور اس وینٹیلیٹر کو سند حاصل ہوجانے کی صورت میں ان کی تیاری عمل میں لائی جائے گی۔