تارکین وطن مزدوروں کیلئے مرکز سے فوری اقدامات کا مطالبہ ۔ منیش تیواری کی پریس کانفرنس
نئی دہلی 31 مارچ ( سیاست ڈا کام ) کانگریس نے آج حکومت سے کہا کہ وہ ملک میں کورونا وائرس ٹسٹنگ کی سہولت میںاضافہ کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ربیع کی فصلوںکی کٹوائی بھی بآسانی کی جاسکے ۔ کانگریس ترجمان منیش تیواری نے حکومت پر یہ بھی زور دیا کہ وہ لاک ڈاون کی وجہ سے ای ایم آئی کے حصول کو روک دینے سے متعلق فیصلے کا اعلامیہ بھی جاری کرے ۔ دہلی کے نظام الدین علاقہ میں مذہبی اجتماع کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت ایک دوسرے کو مورد الزام ٹہرانے کا نہیں ہے ۔ منیش تیواری نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔ انہوں نے لاکھوں تارکین وطن مزدوروں کی جانب سے اپنے آبائی مقامات کو پہونچنے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ حکومت ایسے لوگوں کیلئے سڑکوں پر بھی انتظام کرے جو لوگ اپنے گھر کو پہونچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ان لوگوں کو گھروں تک پہونچانے کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جن دھن کھاتوں کا استعمال کرتے ہوئے ہر خاندان کے اکاونٹ میں 10 ہزار روپئے منتقل کرے تاکہ وہ کم از کم ایک ماہ خرچ چلاسکیں۔منیش تیواری نے کہا کہ حکومت کو طبی سہولیات کی فراہمی پر خاص توجہ کرنے کی ضرورت ہے اور کورونا وائرس کے معائنوں میں اضافہ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی کو تمام ریاستی حکومتوں سے رابطہ کرتے ہوئے ربیع کی فصل کی کٹوائی کیلئے بھی خاص انتظامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ اس فصل کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں جو کہ آئندہ 15 دن میں تیار ہونے والی ہے ۔