کورونا وائرس کے معائنوں کے مراکز کے اوقات میں اضافہ ضروری

   

سینکڑوں افراد گھنٹوں قطاروں میں ٹھہرنے پر مجبور ، نئے مراکز اور ٹسٹنگ بڑھایا جائے
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے معائنوں کے مراکز کے اوقات کار میں فوری اضافہ کرنے کے علاوہ ہر بلدی حلقہ میں کم از کم ایک معائنہ کے مرکز کو 24گھنٹے کھلا رکھنے کے اقدامات کئے جانے ناگزیر ہیں کیونکہ شہر حیدرآباد میں جن مقامات پر کورونا وائرس کا معائنہ کیا جا رہاہے ان مراکز کے اوقات کار صبح 9:30سے 12:30تک ہی ہیں لیکن 10 بجے سے پہلے کام کاج شروع نہیں ہوتا جس کی وجہ سے کئی لوگوں کو گھنٹوں قطار میں کھڑا ہونا پڑرہا ہے اور اگر کوئی کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہے اور وہ معائنہ کروانے کے لئے پہنچنے والوں کی قطار میں کھڑا ہو تواس کے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے دونوں شہروں میں جہاں یومیہ 300 سے زائد مریضوں کی نشاندہی کی جار ہی ہے ان اضلاع میں بھی 24گھنٹے معائنہ کے اقدامات کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔کورونا وائرس کے معائنوں کو انجام دینے والے عملہ اور مراکزپر خدمات انجام دینے والے طبی عملہ کا کہناہے کہ ہر مرکز پر معائنہ کے لئے پہنچنے والوں کی تعداد میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران 10گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مارچ کے اوائل تک ان مراکز پر کوئی گہما گہمی نہیں تھی لیکن اب حالات تشویشناک ہوتے جارہے ہیں۔ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے جو موبائیل ٹیسٹنگ کے بسیس تیار کئے گئے تھے اگر ان بسوں کے ذریعہ شہر حیدرآباد کے سلم علاقوں میں معائنوں کے اقدامات کئے جاتے ہیں اور متاثرین کو قرنطینہ کیا جاتا ہے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور جو لوگ متاثر ہیں وہ دوسروں کو متاثر نہیں کرپائیں گے بلکہ ان کے قرنطینہ میں چلے جانے کے بعد وائرس کو پھیلانے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔24 گھنٹے کورونا وائرس کے معائنوں کی سرکاری سہولت کی فراہمی کے علاوہ ریاست میں خانگی لیباریٹریز میں کورونا وائرس کے معائنوں کو بہتر بنانے کے علاوہ ان میں اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جانے ضروری ہیں تاکہ جولوگ اپنا معائنہ کروانا چاہتے ہیں وہ کسی بھی وقت شبہات میں مبتلاء رہنے کے بجائے معائنہ کی سہولت سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اطمینان حاصل کرسکیں اور دونوںشہروں میں اگر خانگی لیاب میں بھی اینٹی جین کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو اس کے بھی بہتر نتائج سامنے آئیں گے ۔