انسداد وائرس کے لیے ہر طبقہ کی ذمہ داری ، تلنگانہ کے بین مذہبی قائدین کا بیان
حیدرآباد۔8اپریل(سیاست نیوز) کورونا وائرس کے نام پر منافرت کو فوری بند کیا جائے اور اس کو روکنے کے لئے ہر طبقہ کو اپنی ذمہ داری نبھانی لازمی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں بین مذہبی قائدین نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے ریاست کے عوام اور حکومت سے خواہش کی کہ وہ ایسی کسی بھی سازش کا شکار نہ ہوں جو تفرقہ پیدا کرتے ہوئے مذہبی منافرت پیدا کرتی ہے۔ بین مذہبی قائدین جن میں فادر انٹونی راج تھما‘ جناب صادق احمد ‘ مسٹر کرشنا راؤ کے علاوہ دیگر شامل ہیں نے دھارمک جن مورچہ کے ذریعہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جبکہ دنیا وبائی مرض کا مقابلہ کررہی ہے اور انتہائی پریشانی کے عالم میں دنیا کا ہر ملک ہے ایسے میں مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جا نی چاہئے کیونکہ ان حالات میں منافرت کے ذریعہ فائدہ اٹھانے کی کوئی گنجائش فراہم نہیں کی جانی چاہئے ۔ان مذہبی قائدین نے کہا کہ اس وقت دنیا کو جن حالات کا سامنا ہے ان حالات میں سب کو متحد ہوکر خدمات انجام دینے اور اپنی قربانیوں کے ذریعہ انسانیت کی بقاء کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔ ان حالات میں تفرقہ پیدا کرنے والی قوتوں کو اپنی گھٹیا سیاست کا موقع فراہم نہیں کیا جانا چاہئے اور نہ ہی انہیں پروپگنڈہ کی اجازت دی جانی چاہئے بلکہ ان حالات میں متحدہ طور پر ایک دوسرے کی مدد کے ذریعہ حالات پر قابو پانے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔کسی بھی مذہب میں کسی کا برا سونچنے کی بھی اجازت نہیں ہے بلکہ ہر مذہب جو تکلیف میں ہے اس کیلئے راحت کے سامان مہیا کرنے کی تاکید کرتا ہے اور اگر ہم عملی طور پر راحت فراہم کرنے کے اقدامات نہیں کرسکتے تو کم از کم دعاء کے ذریعہ سب کی صحت و عافیت اور پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے نیک تمناؤوں کا اظہار کرسکتے ہیں جو کہ اطمینان قلب کا باعث بننے کے علاوہ سکون کے لئے انتہائی اہم ہے۔
