کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے مجلس بلدیہ کی نئی حکمت عملی

   

صرف متاثرہ گھر کورنٹائن کرنے کافیصلہ، سارا علاقہ کنٹینمنٹ نہیں
حیدرآباد۔/9 مئی، ( سیاست نیوز) کورونا خطرہ سے نمٹنے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے منفرد حکمت عملی اختیار کی ہے جس کے تحت علاقہ میں کورونا پازیٹو کیس پائے جانے پر سارے علاقہ کو کنٹیمنٹ زون بنانے کے بجائے صرف متاثرہ گھر یا اپارٹمنٹ کو کورنٹائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ابھی تک جو پالیسی اختیار کی گئی تھی اسکے مطابق کسی بھی گھر میں پازیٹو کیس پائے جانے پر اطراف کے سارے علاقہ کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کرتے ہوئے عملاً ناکہ بندی کی جارہی تھی اس علاقہ میں کسی کو نقل و حرکت کی اجازت نہیں تھی اور نہ ہی دکانات کھولی جارہی تھیں۔ اس صورتحال سے عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور بعض علاقوں میں عوام نے غیر ضروری تحدیدات پر احتجاج کیا۔ اس صورتحال سے نمٹنے حکام نے نئی حکمت عملی طئے کی جسکے تحت کسی گھر میں پازیٹو کیس پائے جانے پر صرف اسی گھر کو کورنٹائن کیا جائے گا یا پھر زائد کیس ہونے پر مکمل اپارٹمنٹ کورنٹائن کیا جاسکتا ہے۔ عہدیداروں نے فیصلہ کیا کہ کورنٹائن کئے جانے کے بعد گھر اور گھر والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔ اگر کسی گھر کو کورنٹائن کیا گیا اور وہاں خلاف ورزی دیکھی جائے تو عوام بلدیہ کو ہیلپ لائن نمبر پر اطلاع دے سکتے ہیں۔ ہوم کورنٹائن کئے گئے افراد کسی بھی ضرورت کیلئے مجلس بلدیہ کے ہیلپ لائن نمبر پر کال کرسکتے ہیں۔ پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار نے بلدی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں شہر کے کنٹینمنٹ زونس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ریتو بازاروں اور مارکٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا جہاں سماجی فاصلہ اور دیگر شرائط کی تکمیل نہیں کی جارہی ہے۔