مزید 1,007 اموات۔ مہاراشٹرا بدستور
شدید متاثر، 1.5 لاکھ فعال کیس
نئی دہلی : ملک میں کورونا انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے ہوئے قہر کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے اور 1,007افراد کی موت ہوگئی، جبکہ راحت کی بات یہ ہے کہ اس دوران 55ہزار سے زیادہ لوگ صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے 64,553 نئے کیس سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 24,61,191 ہوگئی ، وہیںجملہ اموات 48,040 ہوگئی ہیں ۔ البتہ ان چوبیس گھنٹوں میں 55,573 مریض شفایاب ہونے سے صحت یاب افراد کی جملہ تعداد 17,51,556 پر پہنچ گئی۔ اس دوران ایکٹیو کیس 7,973 بڑھے ہیں، جس سے اُن کی تعداد 6,61,595 ہوگئی۔ ملک میں اب ایکٹیو کیس 26.88فیصد ہیں ، صحت یابی کی شرح 71.17فیصد اور شرح اموات 1.95فیصد ہے ۔ کورونا سے شدید متاثرہ مہاراشٹرا میں فعال معاملوں کی تعداد 2,285 بڑھ کر 1,50,105 ہوگئی اور 413 افراد کی موت ہونے سے اموات کی تعداد 19,063 ہو چکی ہے ۔ اس دوران 9,115مریض صحت یاب ہوئے، جس سے شفایاب افراد 3,90,958ہوگئے۔ سب سے زائد ایکٹیو کیس اسی ریاست میں ہیں۔ آندھرا پردیش میں مریضوں کی تعداد 355 بڑھنے سے ایکٹیو کیس بڑھ کر 90,780 ہوگئے ہیں ۔ ریاست میں اب تک 2,378 افراد کی موت ہوئی ہے ، وہیں 9,559 مریضوں کی صحت یابی سے مجموعی طور پر 1,70,984 افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔جنوبی ریاست کرناٹک میں مریضوں کی تعداد 2,006کم ہوئی اور یہاں اب78,345 ایکٹو کیسز ہیں۔ اموات کی تعداد 103بڑھ کر 3,613ہوگئی ہے۔