کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے میں کے سی آر کی لاپرواہی ‘ ناگم

   

حیدرآباد۔ سابق ریاستی وزیر و سینئر کانگریس لیڈر ناگم جناردھن ریڈی نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے میںکے سی آر لا پرواہی سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں چیف منسٹر کے سی آر کے لا پرواہی والے رویہ کی وجہ سے ہی کورونا وائرس شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور ہر روز مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے گچی باولی میں تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس قائم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر گچی باولی دواخانہ میں ڈاکٹرس کے تقررات انجام دینے اور بستر فراہم کرنے میں تک ناکام ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے یہ دواخانہ اب بھی خالی پڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت اس دواخانہ کو جلد از جلد کارکرد بنائے تاکہ عوام کو سہولت ہوسکے ۔