حیدرآباد۔/6 مئی ، ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں چہارشنبہ کوویڈ 19 کے مزید 11 پازیٹو کیسس کا پتہ چلا ہے جس کے ساتھ ہی اس وباء کے متاثرین کی تعداد 1,107 تک پہنچ گئی ہے تاہم شہر و اضلاع میں کسی بھی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی۔ اس طرح اموات کی تعداد 29 برقرار ہے۔ حکومت تلنگانہ کی طرف سے جاری کردہ کوویڈ 19 طبی بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 20 مریضوں کو صحت یابی کے بعد آج ڈسچارج کردیا گیا۔ تلنگانہ میں تاحال 648 کوویڈ پازیٹو مریض بہترین علاج کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں جنہیں مختلف دواخانوں سے ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔ تلنگانہ کے مختلف دواخانوں میں ہنوز 430 کوویڈ مریض زیر علاج ہیں۔ بلیٹن کے مطابق چہارشنبہ کو پازیٹو پائے جانے والے تمام 11 کیسس کا تعلق جی ایچ ایم سی کے تحت مختلف علاقوں سے ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں سخت ترین چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ شہر اور پڑوسی اضلاع میں ہی اکثر کیسس پائے گئے۔ اس دوران آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے 13 خصوصی ٹرینوں کے ذریعہ 14,000 مائیگرنٹ ورکرس کی آبائی ریاستوں کو واپسی جاری ہے۔ تلنگانہ سے منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب 11 ٹرینس اُتر پردیش، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ ، بہار، اڈیشہ اور دیگر ریاستوں کو روانہ ہوئے جبکہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے دو ٹرینیں مائیگرنٹ ورکرس کو لیکر اپنے سفر کا آغاز کی ہیں۔