کورونا وائرس : یوروپ کیلئے امریکی فضائی کمپنیوںکی پروازوں میں کمی

   

واشنگٹن ۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی فضائی کمپنی یو ایس ایئرلائنز نے پروازوں کی تعداد میں نمایاں کمی کردی ہے کیونکہ ٹرمپ انتظامیہ نے کوروناوائرس کی وجہ سے یوروپ سے امریکہ آنے والی پروازوں پر امتناع عائد کردیا ہے۔ اس موقع پر امریکی ایئرلائنز نے بتایا کہ اس نے اپنے بیڑے میں 75 فیصد کی کمی کردی ہے جس کا سلسلہ 6 مئی تک جاری رہے گا۔ کوروناوائرس کی وجہ سے امریکی حکومت کی جانب سے بیرون ملک سفر پر عائد پابندیوں کی وجہ سے یہ کمی کی جارہی ہے کیونکہ مسافرین بھی اب بیرون ملک سفر کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ لہٰذا طیاروں کو مسافرین کے بغیر چلانا غیردانشمندی ہوگی۔ یہ بھی بتایا گیا ہیکہ اندرون ملک فضائی خدمات میں بھی 20 فیصد کی کمی کی گئی ہے۔ دوسری طرف یو ایس ایئرلائنز کی حریف سمجھی جانے والی ڈیلٹا ایئرلائنز نے بھی 16 مارچ سے یوروپ کیلئے اپنی پروازوں میں کمی کی ہے۔