مرکزی محکمہ صحت سے ہدایات کی اجرائی ۔ تمام تر احتیاطی اقدامات کرنے پر بھی زور
حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) ملک میں تیزی سے بڑھ رہے کورونا وائرس مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کیلئے جاری رہنمایانہ خطوط میں ہدایت دی ہے کہ ’وینٹیلیٹرس‘ تیار رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کو یقینی بنایا جاسکے۔ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4866 تک پہنچ چکی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 7 افراد کے اس وائرس سے فوت ہونے کی توثیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت سے جاری رہنمایانہ خطوط میں تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو تاکید کی گئی کہ وہ وینیٹیلیٹر کے علاوہ آکسیجن ‘ قرنطینہ کے بستر تیار رکھیں کیونکہ جس رفتار سے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اس کے پیش نظر فوری طبی امداد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ڈائرکٹر جنرل ہیلت سروس ڈاکٹر سنیتاشرما نے کورونا مریضوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ڈزاسٹر مینجمنٹ سیل‘ ایمرجنسی مینجمنٹ ریسپانس ‘ نیشنل سنٹر فار ڈیسیز کنٹرول ‘ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ‘ انٹیگریٹیڈ ڈیسیز سرویلینس پروگرام کے علاوہ دہلی کے سرکاری دواخانوں کے نمائندوں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرکے صورتحال پر قابو پانے اقدامات کے متعلق ہدایات جاری کیں۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7 اموات کے بعد حکومت نے چوکسی اختیار کرنی شروع کردی ہے۔ کورونا مریضوں کی جو اموات ہوئی ہیں ان میں مہاراشٹرا میں 3 ‘ دہلی میں 2 ‘ اور کرناٹک میں 2 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ماہرین طب کا کہناہے کہ جن مریضوں کی کورونا کے سبب موت ہوئی ہے وہ دیگر امراض میں مبتلاء تھے جو علاج کے دوران فوت ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی تمام ریاستوں میں کیرالا میں سب سے زیادہ مریض 238 ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر مہاراشٹرا میں 86 کورونا مریض گذشتہ 24 گھنٹوں میں پائے گئے ہیں۔ مغربی بنگال میں 61 کورونا مریضوں کی نشاندہی ہوئی جبکہ تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میںپائے جانے والے ایک مریض کے بعد کورونا وائرس کے جملہ مریضوں کی تعداد 4 ہوچکی ہے۔3