دہلی میں راشٹریہ سوچھ کیندر کا افتتاح ۔ وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب
دہلی : ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے میں سوچھ بھارت مشن سے بڑی مدد حاصل ہوئی ۔ وزیراعظم نے آج دہلی میں راشٹریہ سوچھتا کیندر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی بڑی اسکیم سوچھ بھارت مشن نے کورونا وائرس کی وباء کے خلاف لڑائی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے انٹر ایکٹیو سنٹر کا بھی معائنہ کیا جہاں حکومت کی صفائی مشن کی تفصیلات کی نمائش کی گئی ۔ وزیراعظم نے 36 طلبہ کے گروپ سے بھی اس موقع پر سوالات کیے اور ان کے سوالات کے تشفی بخش جوابات بھی دئیے ۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی نمائندگی کے لیے 36 طلبہ کے گروپ کو اس موقع پر مدعو کیا گیا تھا ۔ کورونا وائرس وباء کے پیش نظر طلبہ نے سماجی فاصلہ ، ماسک اور حفظان صحت کے تمام اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پروگرام میں حصہ لیا ۔ مودی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب صفائی مہم کا حصہ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ساری دنیا مہاتما گاندھی کے اقدار کو اختیار کرنے کے لیے متحد ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ سوچھتا کیندر مہاتما گاندھی کی صفائی کے تئیں خراج ادا کرنا ہے ۔ اس مہم کا گاندھی جی کے ستیہ گرہ کی صد سالہ تقاریب کے موقع پر 10 اپریل 2017 کو اعلان کیا گیا تھا ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ایک ہفتہ طویل کچرے سے پاک ہندوستان کی مہم کا بھی اعلان کیا جس پر 8 اگست سے 15 اگست تک عمل کیا جائے گا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن نا ہوتا تو لاک ڈاؤن بھی ممکن نہیں تھا ۔ اس کے بغیر کورونا وائرس کے خلاف لڑائی آسان نہیں ہوتی ۔ سوچھ بھارت مشن نے وباء کے خلاف لڑائی میں ہمیں طاقت عطا کی ہے اور صاف صفائی کی اس عادت کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر ملک بھر میں اسکولی بچوں کو بھی اس پروگرام سے واقف کروایا گیا تاکہ وہ صفائی کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں ۔