کورونا وباء پر قابو پانے میں ٹیکہ اندازی کا اہم رول

   

78 دنوں میں ایک کروڑ ٹیکہ اندازی ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا وباء پر قابو پانے میں ٹیکہ اندازی کا اہم رول رہا ہے ۔ ریاست میں ویکسین کی دو کروڑ خوراک دینے کا نشانہ مکمل کرلیا گیا جو تلنگانہ میں اہم پیشرفت ہے۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ دو کروڑ خوراک میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے کم از کم ایک ٹیکہ حاصل کیا ہو۔ 18 سال سے زائد عمر کے دو کروڑ 87 لاکھ افراد ٹیکہ اندازی کیلئے اہل قرار دیئے گئے ہیں۔ ان میں سے دو کروڑ افراد نے کم از کم پہلی خوراک حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے لئے یہ لمحات باعث فخر ہے۔ تلنگانہ میں ایک کروڑ ٹیکہ اندازی کا عمل 168 دنوں میں مکمل کیا گیا جبکہ مزید ایک کروڑ ٹیکے صرف 78 دنوں میں مکمل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں خصوصی ٹیموں کے ذریعہ ٹیکہ اندازی کا عمل جاری ہے ۔ بیشتر افراد نے پہلی خوراک حاصل کرلی ہے اور محکمہ صحت و بلدی حکام دوسری خوراک کی تکمیل کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 16 جنوری کو ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز ہوا جس میں ہیلپ کیر ورکرس ، فرنٹ لائین ورکرس اور سینئر سٹیزنس کو ابتداء میں ترجیحی بنیادوں پر ٹیکے دیئے گئے ۔ بعد میں یکم مئی سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ٹیکہ اندازی کا آغاز کیا گیا ۔ R

سرینواس راؤ نے کہا کہ سرکاری اورخانگی ٹیکہ اندازی مراکز پر عوام کا حوصلہ افزاء ردعمل دیکھا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں توقع ہے کہ بہت جلد تلنگانہ صد فیصد ٹیکہ اندازی کے نشانہ کو مکمل کرلے گا۔ R