آل انڈیا اور حیدرآباد مینجمنٹ اسوسی ایشن کا اشتراک، ماہرین کی شرکت
حیدرآباد: آل انڈیا مینجمنٹ اسوسی ایشن اور حیدرآباد مینجمنٹ اسوسی ایشن کے اشتراک سے ریجنل مینجمنٹ کانکلیو کا ورچول انعقاد عمل میں آیا۔ کورونا وباء کی موجودہ صورتحال میں بہتر مواقع کی تلاش کے ضمن میں یہ کانکلیو مددگار ثابت ہوا۔ حیدرآباد مینجمنٹ اسوسی ایشن کے صدر سنجے کپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات میں عوام بہتر مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔ 500 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ حکومت سے درخواست کی گئی کہ ادارہ کو اراضی الاٹ کی جائے تاکہ سنٹرل فار اکسلینس قائم کیا جاسکے۔ پی سنگھانیہ صدر آل انڈیا مینجمنٹ اسوسی ایشن اور نائب صدر نشین مینجنگ ڈائرکٹر جے کے پیپر لمٹیڈ نے کلیدی خطبہ دیا ۔ انہوں نے اندازِ کارکردگی بہتر بنانے کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کانکلیو کے لئے اپنا پیام روانہ کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ بحران کی صورتحال میں مینجمنٹ سنگین مسئلہ بن جاتا ہے۔ دنیا بھر میں گزشتہ ایک سال سے تمام اداروں کیلئے صورتحال دگرگوں ہیں۔ صورتحال کے بہتر ہونے تک مینجمنٹ سے متعلق اداروں کو بہتر کارکردگی پر توجہ دینی ہوگی۔ مارکیٹنگ اور اس شعبہ متعلق مسائل پر پہلا پلینری سیشن منعقد کیا گیا جبکہ دوسرے سیشن کا موضوع مابعد کورونا وباء معیشت میں سدھار تھا۔ صحافی اور سابق اسوسی ایٹ ایڈیٹر دی ہندو بزنس لائین ایم سوما شیکھر نے خطاب کیا ۔ حیدرآباد مینجمنٹ اسوسی ایشن گزشتہ 56 برسوں سے تلنگانہ اور آندھراپردیش سے خدمات انجام دے رہی ہے۔ مختلف موضوعات پر مینجمنٹ لکچرس ، ٹریننگ پروگرامس ، پیانل ڈسکشن، سمینارس اور دیگر پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔